ڈینگی پر مکمل قابوپانے کیلئے شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

محکمہ ماحولیات اور انڈسٹریز فیکٹریوں اور کارخانوں کی انسپکشن کریں اور وہاں پر ڈینگی کے سدباب کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیں، اجلاس سے خطاب

بدھ 25 اپریل 2018 20:31

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے کہا ہے کہ ڈینگی پر مکمل قابوپانے کیلئے متعلقہ محکموں کے علاوہ شہریوں کو بھی اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا اور اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھنے اقدامات کرنے ہونگے کیونکہ جب تک مچھروں کی افزائش گاہوں کا خاتمہ نہیں ہوگا تب تک ڈینگی پر مکمل طور پر قابونہیں پایا جاسکتا ۔

یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجینسی ریسپانس کمیٹی /ہیلتھ ریفامرز روڈ میپ انڈی کیٹرز کا جائزہ لینے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اے سی سیالکوٹ شاہد عباس، اے سی ڈسکہ میاں نذیر، اے سی پسرور عمر شیرازی ، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی لطیف احمد ساہی، سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی مقبول احمد شاکر، ڈی اوایچ ڈاکٹر احمد ناصر اور ڈاکٹر افضل بھلی ، نمائندہ عالمی ادارہ صحت توقیر نوازاور ڈی ایم او وقار اکبر چیمہ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے مقامی حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی ڈاکٹر فرخ نوید نے کہاکہ ڈینگی مچھروں کی افزائش گاہوںقبرستانوں، کباڑ خانوں، سروس اسٹیشن ، ٹائز شاپس، نرسریوں اور تالاب و پانی کے جوہڑ میں ڈینگی سرویلینس تیز کی جائے جہاں پر ڈینگی لاروا کے شواہد ملیں وہاں پرایس او پیز کے مطابق سپرے بھی کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت ، تعلیم اور سوشل ویلفیئر کے مقامی حکام کو تلقین کی کہ وہ ڈینگی مچھر سے بچاؤ کیلئے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم چلائیں ۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ ماحولیات اور انڈسٹریز فیکٹریوں اور کارخانوں کی انسپکشن کریں اور وہاں پر ڈینگی کے سدباب کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت دیہی و بنیادی مراکز صحت اورہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز کو اپ ٹو ڈیٹ رکھیں اور ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی مکمل ڈیزیز انوسٹی گیشن کی جائے اور ان کو علاج معالجے کی سہولت مہیا کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ ڈینگی مچھر کے تدارک کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کی گئیں تمام ہدایات پر عمل کیا جائے ۔ ایم پی اے چودھری محمد اکرام نے کہاکہ ضلع کونسل ، میونسپل کارپوریشن اور کمیٹیاں اپنے حدود میں صاف ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں اور بالخصوص اربن علاقوں میں کسی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں ۔ انہوں نے کہاکہ جن گڑھوں اور جوہڑوں سے مکینکل طریقے سے پانی کا نکاس ممکن نہیں وہاں پرباقاعدگی سے لاروا سائڈنگ ایکٹیویٹی کی جائے ۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ نے ہیلتھ روڈ میپ انڈیکیٹرزاور پوسٹ انسدادپولیو مہم کی ڈی سی کو بریفنگ دی ۔