حافظ آباد ، تیز رفتار مسافر بس حفاظتی جنگلے سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی، 4افراد جاں بحق، 20سے زائد زخمی

بدھ 25 اپریل 2018 20:43

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) حافظ آباد کے نواحی گائوں ٹھڈا بھٹیاں کے قریب موٹر وے پر تیز رفتار مسافر بس حفاظتی جنگلے سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی جس کے نتیجہ میں 4افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 20سے زائد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بس نمبریLES-4287مسافروں کو لاھور سے ایبٹ آبا د لیجارہی تھی۔

(جاری ہے)

جب مذکورہ بس پنڈی بھٹیاں کے قریب پہنچی تو تیز رفتاری کے باعث حفاظتی جنگلے سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی جس کے نتیجہ میں چار افراد تعظیم بی بی زوجہ ذوالفقارسکنہ مانسہرہ، حمیدہ بیگم زوجہ چوہدری محمد اکرم بس ڈرائیور اور کلینر جن کے نام معلوم نہ ہوسکے ہیں وہ موقع پر جاں بحق جبکہ20سے زائد افراد ذخمی ہوگئے۔

ذخمیوں میں شہروز، مہمان علی، فیاض ، اقراء ، ڈاکٹر فائزہ، محمد یونس، مختار بی بی، عائشہ بی بی، احتشام، محمد فاروق، شازیہ، عبدالله، ثمرین، محمد انوروغیرہ شامل ہیں۔ ذخمی افراد کو ریسکیو 1122کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں منتقل کردیا۔