کراچی ،ڈاکٹرسیمی جمالی کی یقین دہانی پر جناح اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج ختم کردیا

بدھ 25 اپریل 2018 20:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹرسیمی جمالی کی یقین دہانی کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ڈاکٹرعثمان ظفر کے خلاف مقدمے کے اندراج پر جاری احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔بدھ کو ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹرسیمی جمالی ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر یحییٰ،ڈاکٹر سلمان ،ڈین جناح اسپتال ڈاکٹر اقبال آفریدی اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سلطان صدر جناح اسپتال عثمان ظفر کے درمیان مذاکرات ہوئے ۔

ڈائریکٹر جناح اسپتال نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے تمام مطالبات منظور کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ڈاکٹرعثمان ظفر کے خلاف مقدمے کے خاتمے کے لیے اعلیٰ حکام سے بات کی جائے گی ،جس کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج ختم کردیا اور معمول کے او پی ڈی اور آپریشن شروع کردیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سلطان نے کہا کہ اگر ایف آئی آر واپس نہیں لی گئی تو ہم اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جناح اسپتال سیمی جمالی نے ہمیں یقین دہانی کروائی ہے کہ ڈاکٹرز کو اسپتال میں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور ہیلتھ الاؤنس 15000 سے بڑھا کر پنجاب اور پختونخوا کے ڈاکٹرز کیم مساوی 61000 تک کردیا جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ ہمیں کانٹریکٹ ڈاکٹرز کو مستقل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔