صوبے سے ہر قسم کی دہشت گردی اور دیگر جرائم کا قلع قمع کر نے کا تہیہ کر رکھا ہے،صلاح الدین

خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والے جنگ میں سخت ترین مراحل سے گزر کر سرخرو ہوئی ہے، ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں تاجر برادری کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کے ارکان بھی برابر قربانیاں دے رہی ہیں،آئی جی خیبرپختونخوا

بدھ 25 اپریل 2018 21:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں تاجر برادری کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ہر ایک کو اپنی تجارت اور روزمرہ کی سرگرمیاں بلاخوف و خطر بطریق احسن جاری رکھنے کے لیے پُرامن اور سازگار ماحول فراہم کیا جائیگا۔

یہ بات انہوں نے سینٹرل پولیس آفس پشاور میں سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے ایک سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفد کی قیادت چیمبر کے صدرزاہد شنواری کررہے تھے۔ آئی جی پی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کے ارکان بھی برابر قربانیاں دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس سربراہ نے کہا کہ تاجر برادری کا شمار قانون پر عمل درآمد کرنے والے طبقوں میں سے ہوتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ انہیں اپنی کاروباری سرگرمیاں خوشگوار فضا میں جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے اور یقین دلایا کہ صوبہ بھر بالخصوص پشاور میں امن و آمان اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ایک مثالی معاشرے کے قیام کے لیے تمام افراد پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس کو اپنی ذمہ داریوں کا پورا پورا احساس ہے۔

ہم نے صوبے سے ہر قسم کی دہشت گردی اور دیگر جرائم کا قلع قمع کر نے کا تہیہ کر رکھا ہے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف جنگ ہر قیمت پر جاری رہیگی۔ اسمیں ہمیں بہت سی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی سرخرو ہونگے۔ 8500 مختلف مقامات پر سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔جس سے جرائم کی نشاندہی میں کافی مدد ملے گی جبکہ سٹی پٹرول نے قلیل عرصے میں 5500 کیسز وقوعہ پذیر ہونے سے قبل حل کئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہو رہی ہے۔ اچھے کردار کے حامل افسران کے تعیناتی کو ترجیح دی جائے گی۔۔ تشدد اور کرپشن میں ملوث عملے کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔قبل ازیں وفد کے ارکان نے تاجربرادری کو درپیش مسائل و مشکلات سے آئی جی پی کو آگاہ کیا ۔ انہوں نے پشاور میں مختلف جگہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے ، بڑھتی ہوئی ٹریفک اور دیگر مسائل کے حل کے لیے کئی ایک تجاویز بھی پیش کیں۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورس کی قربانیوںکو زبردست الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا اور آئی جی پی کی قیادت اور صلاحیتوں پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔وفد کے ارکان نے مزید کہا کہ صوبہ میں امن وامان کے پرسکون ماحول اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ سرشام بند ہونے والے بازاروں کی رات گئے تک رونقیں بحال ہوئیں۔

خواتین نے واک کرنا شروع کردیا اور بی آر ٹی رش ہونے کے باوجود ریسٹورنٹ /ہوٹلز میں بیٹھنے کی جگہ مشکل سے ملنے لگی ہیں۔سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر نے کہا کہ ہم بھی آئی جی پی کی قائدانہ صلاحیتوں کو سیلوٹ پیش کرتے ہیں۔بلا شبہ ہمیں خیبر پختونخوا پولیس پر فخر ہے کیونکہ پاکستان کے دیگر صوبوں اور باہر ممالک میں خیبر پختونخوا پولیس کی مثالیں دی جاتی ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر آئی جی پی کو سرحدچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزآنے کی دعوت بھی دی جسے آئی جی پی نے شکریے کیساتھ قبول کیا۔آئی جی پی نے تاجر برادری کا قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ تعاون کرنے کے جذبے کی تعریف کی اور ان کے تجاویزکا خیر مقدم کرتے ہوئے ان پر عمل درآمد کے لیے علیحدہ اجلاس بلانے کا یقین بھی دلایا۔سرحد چیمبر آف کامرس کے وفد نے آئی جی پی خیبر پختونخوا کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔