واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے

بدھ 25 اپریل 2018 21:09

واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں ..
لاہور۔25 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) واپڈا کھیلوں کی سہولیات اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے گزشتہ 55 سے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں شاندار کردار ادا کر رہا ہے ۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے واپڈا سپورٹس کی جانب سے 21ویں کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لئے میڈلز حاصل کرنے والے واپڈا کھلاڑیوں کے اعزاز میں واپڈا ہائوس میں تقریب منعقد ہوئی ۔

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے مجموعی طور پر ایک سونے اور چار کانسی کے تمغے حاصل کئے۔سونے کا واحد تمغہ اور تین برونز میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کا تعلق واپڈا سے ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین واپڈا اور پیٹرن انچیف واپڈا سپورٹس بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے تمغے جیتنے والے واپڈا کے کھلاڑیوں ، کوچز او رکامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واپڈا کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف نے کامن ویلتھ گیمز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر واپڈاکھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ واپڈا کے کھلاڑی مستقبل میں بھی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لئے مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی دستہ کی مجموعی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی کارکردگی بڑھانے کے لئے بہتری کی بہت زیادہ ضرورت ہے اور اس حوالے سے کھیلوں سے وابستہ تمام فریقین کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

کھیلوں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ کھیل ہمارے بیشتر قومی مسائل بشمول دہشت گردی ، انتہا پسندی اور کمزور اقتصادیات کو حل کرنے میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ کھیلوں کا فروغ قومی یکجہتی کا بہت بڑا سبب ثابت ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے واپڈا کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔قبل ازیں تقریب کے شرکاء کو قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں واپڈا کے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا ۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ واپڈا کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ 2017ء سے اپریل 2018ء تک واپڈا کے کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں سونے کے 11، چاندی کے 13اور کانسی کے 42تمغے جیت چکے ہیں۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی دستہ 56کھلاڑیوں پر مشتمل تھا ، جن میں سے 20 کا تعلق واپڈا سے ہے۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ اس وقت واپڈا 32کھیلوں میں قومی چیمپین جبکہ 20کھیلوں میں رنرز اپ ہے۔ واپڈا کھلاڑیوں کو ملازمت فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں میں 2ہزار ایک سو سے زائد کھلاڑی اور آفیشل کو ملازمت حاصل ہے۔ واپڈا کی مجموعی طور پر 65ٹیمیں ہیں، جن میں سے 37مرد اور 28خواتین کی ٹیمیں ہیں۔