ووٹ کی عزت کی بات بے معنی تکرار کے سوا کچھ نہیں ہے،(ن) لیگ کا پورا بجٹ پیش کرنا قبل از انتخابات دھاندلی ہے، بلاول بھٹو

لوٹا ازم جمہوریت کیلئے ٹھیک نہیں،(ن )لیگ کی تصادم کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں ، ضیاء کی باقیات سے لڑنے کیلئے مشرف کی باقیات سے اتحاد کا کوئی جواز نہیں ہے ،میڈیا سے گفتگو

بدھ اپریل 21:32

ووٹ کی عزت کی بات بے معنی تکرار کے سوا کچھ نہیں ہے،(ن) لیگ کا پورا بجٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2018ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ووٹ کی عزت کی بات بے معنی تکرار کے سوا کچھ نہیں ہے،(ن) لیگ کا پورا بجٹ پیش کرنا قبل از انتخابات دھاندلی ہے، لوٹا ازم جمہوریت کیلئے ٹھیک نہیں،(ن )لیگ کی تصادم کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں ، ضیاء کی باقیات سے لڑنے کیلئے مشرف کی باقیات سے اتحاد کا کوئی جواز نہیں ہے۔

بدھ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ووٹ کی عزت کی بات بے معنی تکرار کے سوا کچھ نہیں ہے ۔مسلم لیگ (ن) کو پورے مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کا کوئی حق نہیں، ان کا حق5بجٹ پیش کرنا تھا ،یہ قبل از انتخاب دھاندلی اور نئی پارلیمنٹ کی حق تلفی ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیا بجٹ الیکشن کے بعد بننے والی حکومت کا حق ہے، پیپلزپارٹی بھی پورے سال کا بجٹ پیش نہیں کریگی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)صرف آئندہ چند ماہ کا بجٹ پیش کرسکتی ہے، پورا بجٹ پیش کرنا آئندہ حکومت کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کیلئے مشاورت کر رہے ہیں، معاملے پر جلد اچھے نتیجے پر پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ تین وزرائے اعلیٰ نے کل ایک اجلاس سے واک آؤٹ کیا تھا جبکہ چوتھا بھی اجلاس میں نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے جانیوالے لوگوں کو دوسری جماعتوں میں وہ عزت نہیں ملی جو انہیں پیپلز پارٹی نے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانے والے کسی مخصوص شخص پر بات نہیں کرنا چاہتا تاہم لوٹا ازم جمہوریت کیلئے ٹھیک نہیں ہے،نئی نسل نے اسے مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابی منشور پر کام کررہی ہے۔ آگے جا کر نیب قانون کو مزید مضبوط بنائینگے ۔انہوں نے کہاکہ اداروں کے درمیان تصادم نہیں ہونا چاہئے ،مسلم لیگ (ن )کی تصادم کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں ، انہیں پیچھے ہٹنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی سیاست بہت گندی ہے وہ عزت دار آدمی کیخلاف الزام لگا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان ایک جیسی سیاست کر رہے ہیں ، دونوں کے ساتھ مل کر کام نہیں کرنا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کیخلاف الیکشن لڑوں گا۔انہوں نے کہا کہ ہر فرعون کیخلاف لڑنے کیلئے تیار ہوں ، ضیاء کی باقیات سے لڑنے کیلئے مشرف کی باقیات سے اتحاد کا کوئی جواز نہیں ہے۔