زرداری، نیازی گٹھ جوڑ بے نقاب،یہ ایکا صرف کرسی کیلئے کیا گیا ہے‘شہبازشریف

عوام کی خدمت ان کے بس کی بات نہیں، زرداری سے اتحاد کرکے نیازی نے نیا یو ٹرن لیا ہے مخالفین جتنے مرضی اتحاد کرلیں، مسلم لیگ(ن) اپنی کارکردگی کی بنا پرالیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی‘وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ اپریل 21:32

زرداری، نیازی گٹھ جوڑ بے نقاب،یہ ایکا صرف کرسی کیلئے کیا گیا ہے‘شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ زرداری،، نیازی گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے اور یہ ایکا صرف کرسی کیلئے کیا گیا ہے کیونکہ عوام کی خدمت ان کے بس کی بات نہیں۔ زرداری صاحب سے اتحاد کرکے نیازی صاحب نے نیا یو ٹرن لیا ہے۔ یو ٹرن اور جھوٹ کی سیاست کے علمبردار ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لیں۔

مخالفین جتنے مرضی اتحاد کرلیں،،پاکستان مسلم لیگ(ن) اپنی کارکردگی کی بنا پرالیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی۔عوام نے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا تو عوام کی فلاح و بہبود کے پروگرامز کو پاکستان بھر میں پھیلائیں گے۔ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں جھوٹ اور بہتان تراشی کی سیاست نہیں ہوگی۔ جھوٹ بولنے والے پاکستان کے 22 کروڑ عوام پر رحم کریں۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات لگا کر پاکستان کی خدمت نہیں بلکہ ملک کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی دن رات خدمت کی ہے اور عوام خدمت کرنے والوں کو ہمیشہ سر آنکھوں پر بٹھاتے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ ہمارے عملی اقدامات عوام کے سامنے ہیں۔ عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا وقت گزر چکا ہے۔