ضلع کونسل کوہاٹ میںپولی تھین شاپرز کے خاتمہ، شدید ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کی مدد کیلئے قراردادیں منظور

بدھ 25 اپریل 2018 21:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) ضلع نائب ناظم کوہاٹ حاجی عبدالرشیدکی زیر صدارت ضلع کونسل کا اجلاس منعقد ہواجس میںدوسروں کے علاوہ ضلع ناظم محمد نسیم آفریدی ،منتخب نمائندوں اور قومی تعمیرنو محکموں کے متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔بدھ کے روز ہونے والے اجلاس میں مختلف نمائندوں کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد وں کی منظوری دی گئی جن میں ایکسپریس فنڈرکی تعمیر،پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کے خاتمے،پانی کی کمی پر قابو پانے کے لئے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر،محکمہ بلدیات کے ملازمین کی اپ گریڈیشن ،بزرگ شہریوں اورخواتین کی آسانی کے لئے سوزوکی گاڑیوں کے پائیدان نیچے نصب کرنے اورپی ڈی ایم اے کی جانب سے کوہاٹ کے ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں میں نقصان کا تخمینہ لگانے اورکے کسانوں کی مدد کے لئے قرارداد یں پیش کی گئیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے آغاز پر کنوینئرحاجی عبدالرشید نے نمائندوں کو آگاہ کیا کہ منتخب نمائندوں کی جانب سے رواں اے ڈی پی کے تحت بھیجی گئی سکیمیں متعلقہ محکموں کو ارسال کردی گئی ہیں۔بعد ازاں ممبر ضلع کونسل حاجی فہیم کی جانب سے یو سسز ڈھوڈہ ،خرماتو اور بلی ٹنگ کے لئے الگ فیڈر اورضلع میں چھوٹے ڈیم تعمیر کرنے کی قرارداد پیش کی گئی۔اسی طرح خاتون ممبر ریحانہ نے پلاسٹک کے شاپرز کے خاتمے کے لئے قرارداد ایوان میں پیش کی۔

ایوان کو بتایا گیا کہ سوزوکی گاڑیوں اور رکشوں کے پائیدان اونچے ہونے کی وجہ سے بزرگ شہریوں اور خواتین کو مشکل کا سامنا کرتاپڑتا ہے جس پر کنوینئر نے یہ مسئلہ پولیس کے ساتھ اٹھانے کا عندیہ دیا۔اجلاس میں ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں کے ممبران ضلع کونسل میں پی ڈی ایم کی جانب سے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لئے فارمز تقسیم کیے گئے۔بعدازاں اجلاس کل تک ملتوی کردیا گیا۔