سرکاری محکمے عوامی مفاد سے متعلق ترقیاتی سکیموں کو جلد مکمل اور دیگر امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں،کمشنرڈیرہ

بدھ 25 اپریل 2018 21:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ سرکاری محکمے عوامی مفاد سے متعلق ترقیاتی سکیموں کو جلد مکمل اور دیگر امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ حکومت کی جانب سے عوام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات سے جلد از جلد استفادہ حاصل کیا جا سکے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں "ڈسٹرکٹ پرفارمنس مانیٹرنگ آڈٹ"سے متعلق اجلاس سے کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹانک کے علاوہ ڈی آئی خان و ٹانک کے فوکل پرسنز نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ماہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کا دورہ متوقع ہے۔ انہوں نے دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت محکموں کے افسران کو اس سلسلے میں مکمل تیاری کے احکامات جاری کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صحت، تعلیم، صفائی ، فراہمی آب کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے اپریل ، مئی، جون تین ماہ کیلئے صفائی کے مقابلے کیلئے چلائی گئی مہم پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، سکولوں کی سطح پر طلباء کی ضروریات کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کیلئے کرشنگ پلانٹس کو شہر سے باہر منتقلی کے علاوہ عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی اور غیر قانونی بل بورڈز ہٹانے کیلئے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع ٹانک میں لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اسی طرح لوگوں کو ہسپتالوں اور بیسک ہیلتھ یونٹس و رولر ہیلتھ سنٹرز میں ادویات و علاج کی مفت فراہمی کے علاوہ وہاں کی صفائی ستھرائی ، مریضوں اور ان کے لواحقین کو دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے علاوہ لوگوں کے مسائل و تکالیف کے فوری حل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں تاکہ حکومت کی طرف سے شروع کی گئی فلاحی کاموں اور ترقیاتی سکیموں سے عوام پوری طرح مستفید ہو سکیں۔