پولیس کے جوانوں اور افسران اپنا مورال بلند رکھیں،محمدکریم خان

بدھ 25 اپریل 2018 21:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) ریجنل پولیس آفیسرڈیرہ محمد کریم خان نے پولیس کے جوانوں اور افسران پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا مورال بلند رکھیں اور اپنی ڈیوٹی پوری جانفشانی اور ایمانداری سے سرانجام دیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع ٹانک میں تھانہ ملازئی اور گل امام کے دورے کے موقع پر کیا۔دورے کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک شاہ نذر خان بھی انکے ہمراہ تھے۔

اپنے دورے کے دوران ڈی آئی جی نے مختلف پولیس پوسٹس کا بھی معائنہ کیا۔ آر پی او نے اپنے دورے کے دوران پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان قائم رکھنا ان کی اولین ذمہ داری ہے جس کی بجا آوری کیلئے انہیں چاہیے کہ وہ اپنی تمام صلاحتیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غفلت اور نااہلی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت ترین تادیبی کارروائی کی جائیگی تاہم انہوں نے توقع ظاہر کی کہ امن کے قیام اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مقامی پولیس خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ کی طرح مثالی کردار ادا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تھانے آنے والے شہریوں کے ساتھ عزت و احترام کا برتائو کیا جائے اور ان کے جائز مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔ انہوں نے خصوصی طور پر منشیات فروشوں اور دیگر اخلاقی جرائم میں ملوث قانون شکنوں کے خلاف خصوصی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔