اسلام آباد،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راجہ اشرف کا غوری ٹائون میں چھاپہ، غیرقانونی منرل واٹر فیکٹری سیل کردی

بدھ 25 اپریل 2018 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2018ء)ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راجہ اشرف نے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اسلام آباد چوہدری افضل بھاگت کی ہدایت پر غوری ٹاون میں چھاپہ مارکر ایک غیرقانونی منرل واٹر فیکٹری سیل کردی ہے ۔ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق فیکٹری رہائشی علاقے میں بنائی گئی تھی اور حفظان صحت کے قوانین کے خلاف ورزی کر رہی تھی۔

فیکٹری میں صفائی کے ناقص انتظامات تھے اور گندگی پائی گئی ۔ جس پر فیکٹری کو سیل کردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے ناقص اشیاء خورد ونوش کے خلاف جاری مہم میں تیزی لاتے ہوئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں جو روزانہ کی بنیاد کاروائیاں کر رہی ہیں ۔ترجمان کے مطابق ٹیموں نے کل 212انسپکشن کی ہیں جبکہ 23فوڈ آوٹ لیٹس کے چالان عدالت میں پیش کئے گئے اور 52کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں ۔ کھانے پینے کی 22اشیا ء کے نمونہ جات لیبارٹری بھجوائے گئے ۔ ضلعی انتظامیہ نے تما م فوڈ آوٹ لیٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوڈقوانین کی پاسداری کریں اور صفائی کے انتظامات کو معیاری بنائیں ورنہ سخت کاروائی ہوگی ۔۔۔۔۔