اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ٹرانسپورٹروں کے خلاف کریک ڈائون شروع کرنے پر ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیدران ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید کے پاس پہنچ گئے

بدھ 25 اپریل 2018 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2018ء) اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ٹرانسپورٹروں کے خلاف کریک ڈاو،ْن شروع کرنے پر ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیدران ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید کے پاس پہنچ گئے ،ایس ایس پی نے وفد کو یقین دہانی کروائی کے کسی کے خلاف ذیادتی نہیں کی جائے گی ۔پولیس ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق گزشتہ روز ٹرانسپورٹ یونین کے صدر راجہ ارشد اور کبیر کیانی کی سربراہی میں ٹرانسپورٹروں نے ٹریفک آفس میں ایس ایس پی ٹریفک اسلام آباد فرخ رشید سے ملاقات کی ۔

یونین عہدیدران نے ایس ایس پی سے شکایت کی کہ ٹریفک پولیس کے زیادہ تر افسران بلا وجہ ٹرانسپورٹروں کو تنگ کرتے ہیں اور معمولی غلطی پر بھاری چالان کر دیا جاتا ہے جبکہ چند دن سے شروع کی گئی مہم میں معمولی غلطیوں کی بنا پر متعدد گاڑیوں کو تھانہ میں بند کیا جا رہا ہے جس سے کاروبار سمیت مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے وفد کو یقین دلایا کہ آئندہ کسی بھی ٹرانسپورٹر کے خلاف زیادتی نہیں کی جائے گی ،جرم کے مطابق ہی سزا ہو گی ۔تاہم ایس ایس پی نے ٹرانسپورٹر وں سے بھی کہا کہ روٹ پورا نہ کرنے والی،سواریوں کے ساتھ بدتمیزی کرنے ،خواتین کی مخصوص نشستوں پر مرد شہریوں کو بٹھانے ،چھتوں پرشہریوں کو بٹھانے ، بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ، روٹ پرمٹ کے بغیر چلنے والی ،بغیر سٹاپ کے سواری اٹھانے اور اتارنے والوں کے علاوہ غیر قانونی اڈوں اوراڈوں سے باہر کھڑے ہو کر بسوں میں سواریاں بٹھانے والوںخصوصاًپی ایس وی گاڑیوں کی چھتوں پر بٹھائے جانے والی سواریوں جن میں طلبا کی تعداد زیادہ ہے کی روک تھام کے لیے بھی آپ بھی تعاون کریں ۔

ایس ایس پی نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ آئی ٹی پی کی جانب سے حال ہی میں شروع کئے گئے ای چالان سسٹم میں پیش آنے والی تکنیکی خامیوں کو جلد دور کرلیا جائے گا۔۔۔۔