شکوک و شبہات کے ازالے کے لئے الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے، شاہ محمد اویس نورانی

آئندہ الیکشن میں معلق پارلیمنٹ کے ذریعے ریموٹ کنٹرول حکومت لانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے پاکستان

بدھ 25 اپریل 2018 21:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ شکوک و شبہات کے ازالے کے لئے الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے۔ آئندہ الیکشن میں معلق پارلیمنٹ کے ذریعے ریموٹ کنٹرول حکومت لانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ الیکشن کو سلیکشن بنایا گیا تو قوم کا انتخابی عمل سے اعتماد ختم ہو جائے گا۔

قوم کو آئندہ حکومت منتخب کرنے کا آذادانہ موقع فراہم کیا جائے۔ ریاستی ادارے آئینی حدود میں رہیں۔ چوہدری نثار پی ٹی آئی میں گئے تو انھیں جاوید ہاشمی بنتے دیر نہیں لگے گی۔ طالع آزما مرضی کا نگران سیٹ اپ لانے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ 27 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے ایم ایم اے کے سربراہی اجلاس میں انتخابی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

(جاری ہے)

2 مئی کے ورکرز کنونشن میں ملک بھر سے متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتوں کے عہدیداران و کارکنان بھرپور شرکت کریں گے۔ کنونشن کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ایم ایم اے 2018 کے الیکشن میں 2002 کے الیکشن سے بھی زیادہ سیٹیں جیتے گی۔ عدلیہ دفن ہو جانے والے نظریہ ضرورت کو کفن پھاڑ کر باہر آنے کا موقع نہ دے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے متحدہ مجلس عمل پنجاب کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر جاوید اختر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ 2 مئی کے ورکرز کنونشن میں اسلام اور پاکستان سے محبتوں کا والہانہ اظہار کیا جائے گا۔ جے یو پی کے عہدیداران کو کنونشن میں بھرپور شرکت کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ساری جماعتوں کے لوٹے پی ٹی آئی میں جمع کئے جا رہے ہیں۔ لوٹوں کی جماعت ملک میں کوئی تبدیلی نہیں لا سکتی۔ نیا پاکستان ناچ گانے سے نہیں نفاذ نظام مصطفے سے بنے گا۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ کی اسمبلی میں اکثریت کھو چکی ہے۔ ایم ایم اے کی سیاست کا مرکز و محور ایمان اور قرآن ہے۔ اسلام کی سربلندی اور پاکستان کے استحکام کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔