جو اللہ سے ڈرتاہے اللہ اس کیلئے نجات کی راہ نکال دیتاہے، مولانا محمد عمران عطاری

بدھ 25 اپریل 2018 21:59

کوئٹہ۔25 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نے کہا ہے کہ نیک بننے سے دنیا میں بھی بھلائی ہے اور آخرت میں بھی بھلائی ہے ،بھلائی کا تعلق دولت آجانے یا شہرت مل جانے سے نہیں ہے ،اصل بھلائی یہ ہے کہ بندہ زندگی اللہ پاک کی اطاعت میں گزارے اور اس کو جنت والے اعمال نصیب ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کہا کہ ایسٹ افریقہ کے دورے کے موقع پر نیروبی میں مسجد اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نیک اعمال اللہ پاک کی رضا حاصل کرنے کیلئے کئے جائیں اور دل میں اللہ پاک کی محبت جاگزیں کیجئے۔عوام سے ملنا اور ان کے مسائل حل کرنا اور غیبت سے بچنا عمدہ اعمال ہیں ،ہمیں باطنی گناہوں کے بارے میں بھی علم حاصل کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اللہ پاک کا خوف دل میں پیدا کریں ، اس ذات پاک پر بھروسہ کریں اور تقویٰ اختیار کریں کیونکہ تقوے کی برکت سے نیک اعمال کرنے میں مدد ملتی ہے،جو اللہ سے ڈرتاہے اللہ اس کیلئے نجات کی راہ نکال دیتاہے۔نگران شوریٰ نے کہا کہ اپنی عادات کو ابھی سے اچھا بنائیں یہ نہ سوچیں کہ بعد میں عادات کو سدھار لوں گا ،اگر ابھی سے بری عادت نہ چھوڑی تو یہ عادتیں پختہ ہو جائیں گی پھر ان بری عادتوں پرقابو پانامشکل ہوجائے گا۔

جس طرح نرم شاخ کو آسانی سے موڑلیا جاتا ہے اور جب یہ سخت ہوجائے تو اسے موڑا نہیں جاسکتا اگر کوشش کی جائے تو وہ ٹوٹ تو جاتی ہے مگر مڑتی نہیں ،لہٰذا اپنی سوچوں کو اپنی عادات کو مدینے والے مصطفی کی سیرت مبارکہ کے سانچے میں ڈھال لیں ،جیسا وہ چاہتے ہیں ویسا اپنے آپ کو بنالیں۔اللہ سے دعا کریں کہ ہماری دنیا بھی اچھی ہو اوروآخرت بھی اچھی ہو،جنت میں جانے والے اعمال نصیب ہوں ،عافیت نصیب ہو۔ایمان کی سلامتی اور تقویٰ نصیب ہوجائے۔

متعلقہ عنوان :