اے این پی نوشہرہ نے حلقہ بندیوں کے بعد ٹکٹوں کی تقسیم میں رد وبدل کا اعلان کردیا

بدھ اپریل 22:03

نوشہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2018ء) عوامی نیشنل پارٹی ضلع نوشہرہ نے حلقہ بندیوں کے بعد ٹکٹوں کی تقسیم میں رد وبدل کا اعلان کردیا۔ملک جمعہ خان این اے 25 جمال خان خٹک این اے 26 کے امیدوار ہوں گے جبکہ این اے 25 پر ملک جمعہ خان کا مقابلہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خان خٹک کے ساتھ ہوگا۔ پی کے 64 پراے این پی کے جواد حج خان کا مقابلہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خان خٹک سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اے این پی کے پارلیمانی بورڈ نے اے این پی ضلع نوشہرہ کے نامزد امیدواروں کااعلا ن کردیا۔ پی کے 61سے پرویز احمد خان ، پی کے 62 سے خلیل عباس خٹک، پی کے 63 سے شاہد خان خٹک، پی کے 64 سے جواد حج خان، پی کے 65 سے میاں افتخار حسین امیدوار نامزد کردئیے۔ واضح رہے کہ حلقہ بندیوں میں رد وبدل کی وجہ سے انجینئر حامد خان نے پارٹی کی قیادت کے فیصلے پر پارٹی ٹکٹ واپس کردیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح شاہد خان خٹک جو کہ پی کے 64 کے امیدوار تھے اس کو اب پی کے 63 کا ٹکٹ جاری کردیا۔ اس کا مقابلہ صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکاخیل اور پی پی پی کے لیاقت شباب کے ساتھ ہوگا۔ ایم ایم اے نے ابھی امیدواروںکا اعلان نہیں کیا۔ اسی طرح پی کے 64 پر شاہد خان خٹک کے بیٹے جواد حج خان وزیرا علی پرویز خٹک کے مد مقابل ہوںگے اور پی پی پی کے یوسف جمال شاہ کاکاخیل اور رضا سعید بابر میں سے کوئی امیدوار پرویز خٹک کا مقابلہ کرے گا۔ اے این پی کے ضلعی صدر ملک جمعہ خان نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ نے میرٹ پر فیصلہ کیا۔ اور ہم پارٹی قیادت کے فیصلوںکاخیر مقدم کرتے ہیں۔ اور کہا کہ پی ٹی ائی کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔