ٹھٹھہ: پانی کا ٹینکر بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا، کرنٹ لگنے کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت دو افراد جاں بحق

بدھ اپریل 22:18

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2018ء) پانی کا ٹینکر بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا، کرنٹ لگنے کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت دو افراد جاں بحق۔۔ تفصیلات کے مطابق جھمپیر ریلوے اسٹیشن کے پھاٹک کے پر تعمیر کی جانے والی نئی فلائی اوور نما پل کے تعمیراتی کام کے لیے پانی لیجانے والا ٹینکر بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا جس کے باعث کرنٹ لگنے کے نتیجے میں جھمپیر ہی کے رہائشی 22 سالہ ٹینکر ڈرائیور حسین بروہی اور 28 سالہ سوز علی بروہی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

حادثے کے بعد بڑی تعداد میں مقامی لوگ جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے اور نعشوں کو باہر نکالا، جبکہ اطلاع ملنے پر متعلقہ تھانہ کی پولیس موقع پر پہنچی اور نعشوں کو دیہی صحت مرکز جھمپیر منتقل کیا جہاں سے بعد ازاں نعشیں ورثائ کے حوالے کردی گئیں، دریں اثنا ہلاک شدگان کی نعشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، جبکہ علاقے میں ماحول بھی کافی سوگوار ہوگیا، دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کمپنی کو کام کے دوران بجلی بند کرانے کا کہا گیا تھا تاہم اس بات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث دو قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔