ن لیگ کے باغی اراکین اسمبلی صرف باتیں کرتے رہ گئے، جمشید دستی نے سرائیکی صوبے کے قیام کیلئے تحریک کے آغاز کی تاریخ کا اعلان بھی کردیا

muhammad ali محمد علی بدھ 25 اپریل 2018 20:32

ن لیگ کے باغی اراکین اسمبلی صرف باتیں کرتے رہ گئے، جمشید دستی نے سرائیکی ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2018ء) جمشید دستی نے سرائیکی صوبے کے قیام  کیلئے تحریک کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عوامی راج پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ سرائیکی صوبے کے قیام کے لئے 11مئی کو ملتان کے جلسے سے باضابطہ تحریک کا آغاز کریں گے۔  گیارہ مئی کے جلسے کے لئے پاکستان سرائیکی پارٹی کے صدر ملک اللہ نواز وینس اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو دعوت دے دی ہے۔

 جبکہ اس کے علاوہ دیگر رہنمائوں کو بھی مدعو کیا جائیگا۔ جمشید دستی کا کہنا ہے کہ یہ عوامی جلسہ ہو گا جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوں گے۔ جنوبی پنجاب صوبہ محا ذ کے لوگ کھوٹے سکے ہیں۔ جب میں نے قومی اسمبلی میں سرائیکی صوبے کا بل پیش کیا تھا تو تب یہ نوازشریف کے تلوے چاٹ رہے تھے۔

(جاری ہے)

ماسوائے شاہ محمود قریشی کے باقی سب نئے صوبے کے قیام میں مخلص نہیں ہیں۔

پیپلز پارٹی اس لئے سرائیکی صوبے کی حامی نہیں ہے کہیں سندھ صوبے کا مطالبہ سامنے نہ آ جائے۔ جمشید دستی کا مزید کہنا ہے کہ سرائیکی کا لفظ اس خطے کی شناخت ہے لہذا اسے لسانیت کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ ہم انشاء اللہ سرائیکی صوبہ بنائیں گے کیونکہ اس خطے میں رہ کر تمام زبانیں بولنے والے اس خطے کے باسی ہیں اور ان کے حقوق برابر ہیں۔