کوریا کے سرمایہ کاروںکی پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں، فوڈ انڈسٹری میں جدت کی نئی راہیں کھلیں گی،گورنر پنجاب

بدھ 25 اپریل 2018 22:59

کوریا کے سرمایہ کاروںکی پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں، ..
لاہور۔25 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے اور دُنیا بھر کی توجہ کا مرکز ہے۔ عالمی ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے، کوریا سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے موزوںاور ساز گار مواقع موجود ہیں۔

فوڈ انڈسٹری میں کوریا کی دلچسپی سے جدت کی نئی راہیں کھلیں گی اور مقابلے کی فزاء پیدا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان روڈ، قصورمیں کولسن لوٹے چوکو پائی کی نئی فیکٹری کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھر پور انداز میں خوش آمدید کہتا ہے اور اس بات کی قوی امید ہے کہ جلد مزید عالمی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی سرمایہ کاروں کے لئے پالیسیاں قابل تحسین ہیں۔ گورنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل سکیورٹی کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول کی فراہمی بھی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ آج انٹرنیشنل برانڈ پنجاب میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوڈ انڈسٹری کی ترقی کے لئے اس شعبہ میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے مزید بہتری آئے گی۔ اس سے قبل گورنر پنجاب جب افتتاح کے لئے فیکٹری پہنچے تو سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمداقبال خاں ، چیف ایگزیٹو آفیسر لوٹے پالسن عبدالطیف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر فیتہ کاٹ کر فیکٹری کا افتتاح کیا۔