متحدہ مجلس عمل قرآن اور نظام مصطفیؐ کے نفاذکی جدوجہد کریگی،مولانانوراللہ

بدھ 25 اپریل 2018 23:06

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) متحدہ مجلس عمل کے صوبائی صدرمولانانوراللہ،مولاناعبدالحق ہاشمی،ملک سکندرخان ایڈوکیٹ،مولاناعصمت اللہ سالم،حاجی محمدحسن شیرانی،سیدجانان آغا،حاجی نصیراحمدکاکڑ،عبدالواسع سحراورڈاکٹرخلیل الرحمن کاکڑنے جمعیت ضلع زیارت کے سینئررہنماحاجی مطیع احمدسارنگزئی کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ کے موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہاکہ 2 مئی کو ایم ایم اے کے اسلام آباد میں ہونے والے ورکرز کنونشن کے لئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جس میں پانچوں رکن جماعتوں کے ملک بھر سے ضلعی عہدیداران شریک ہوں گے،ایم ایم اے کے عہدیداروں کو قومی ورکرز کنونشن میں بھر پور شرکت کی ہدایات جاری کردی گئی ہیںانہوںنے کہاکہ 2002ء سے بھی زیادہ اچھے نتائج ایم ایم ای 2018ء کے الیکشن میں دکھائے گی،جس کے لئے تمام رکن جماعتیں ہوم ورک مکمل کرچکی ہیں انہوںنے کہا کہ متحدہ مجلس عمل قرآن اور نظام مصطفی کے نفاذکی جدوجہد کرے گی جو بانیان پاکستان کا مشن تھا لیکن جاگیر داروں کے ذاتی مفادات کے باعث نافذنہ ہوسکاجمہوری انداز سے آئین اور قانون کے مطابق جدوجہد ہر شہری کا حق ہے، ایم ایم اے اسلامی اقدارکے تحفظ اور نظام مصطفی کے نفاذ کے لئے عوام سے رابطہ کرنے کیلئے پرعزم ہے، ہماری پرامن جدوجہد ہمیشہ اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لئے رہی ہے، اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ دینی قوتوں کے ووٹ بینک کو یکجا کیا جائے جس کے لئے اکابرین کی ماضی میں کی جانے والی کوششوں کو آگے بڑھایا جارہا ہے،انہوںنے کہا کہ 2 مئی کے کنونشن میں ایم ایم اے کے سیاسی لائحہ عمل کے خدوخال پیش کئے جائیں گے جس میں منشور اور عوامی جلسے شامل ہیں، ہمارے جلسے اتحاد بین المسلمین کا عملی اظہار ہوں گے انہوںنے کہا کہ سیاست میں شائستگی اور آئین و قانون کی پاسداری اولین شرط ہے، سیاسی اختلافات پر بات کرتے وقت مخالفین کی عزت نفس کا خیال رکھا جانا چاہیے، لچر پن کوئی سیاست نہیں، بلکہ سیاست کو گندہ کرنے کی سازش ہے۔