Live Updates

خصوصی عدالت نے عمران خان کے خلاف ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت 4مئی تک ملتوی کر دی

بدھ 25 اپریل 2018 23:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت 4مئی تک ملتوی کر دی ۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے فیصلہ 4 مئی تک مؤخر کردیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں عمران خان کی بریت کی درخواست پر فریقین وکلا کے دلائل سننے کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

(جاری ہے)

کیس سماعت کے دوران عمران خان کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے جس پر فاضل جج ریمارکس دیئے کہ ملزم کی موجودگی میں فیصلہ سنایا جائے گا۔عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو طلب کیا جس پر ان کے وکلا کی جانب سے آج حاضری سے استثنا کی درخوست جمع کرائی گئی۔ عمران خان کی طلبی کے باوجود عدم پیشی پر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور کیس میں بریت کی درخواست پر فیصلہ 4 مئی تک مؤخر کردیا۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ اگر عمران خان 4 مئی کو پیش نہ ہوئے تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات