ایم آئی ٹی آئندہ الیکشن میں پورے سندھ سے قوم پرست قیادت منتخب کریگی،مہاجر سیاست وقت کی ضرورت ہے،ڈاکٹر سلیم حیدر

مہاجر منتخب نمائندوں کے اختلافات ختم کرانے کا مشن جاری رکھیں گے، چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک

بدھ 25 اپریل 2018 23:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر کارکنان گزشتہ 35سالوں سے قربانیاں دیتے آرہے ہیں، اب رہنماؤں کو قربانی دینے کا وقت ہے۔ متحدہ کی گروپ بندی سے تمام مہاجر پسند سوچ کے حامل افراد منتشر ہیں ،کیونکہ ماضی میں بھی ایم کیوایم کی قیادت نے مہاجر قوم پرستوں کو مایوس کیا۔

ہماری انتہائی کوششوں کے باوجود مہاجر منتخب نمائندوں کی جماعت کے اختلافات ختم نہیں ہوسکے تاہم ہم اپنا مشن جاری رکھیں گے۔ مہاجر اتحاد تحریک قوم کے اتحاد کی سیاست کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف حکومتی سطح پر مہاجر سیاست کو شجر ممنوع بنادیا گیا ہے۔ منتخب سندھی النسل پرست حکمران مہاجروں کے ایک بھی مطالبے اور حق کو تسلیم نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

جبکہ وفاقی حکومت کی مجرمانہ خاموشی ایک سوالیہ نشان بن چکی ہے ۔ ریاستی ادارے سے انصاف مانگ مانگ کر مہاجر تھک رہے ہیں ۔ آج مہاجروں اور ریاست کے درمیان خلش بڑھتی جارہی ہے جس کا فائدہ پاکستان دشمن طاقتیں اُٹھانے کیلئے بے چین ہیں۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے مزید کہاکہ ایم آئی ٹی مہاجر قوم پرست سیاسی پلیٹ فارم ہے ۔ ایم آئی ٹی کی 34سالہ سیاسی تاریخ عدم تشدد سے عبارت ہے ۔ حالیہ گھٹن اور سیاسی حالات میں ایم آئی ٹی ملک و قوم کو قابل عمل سیاسی حل دے سکتی ہے ۔