لوئر باری دو آب پر ہونے والی موک ایکسر سائز میں تمام متعلقہ اداروں کی کار کردگی لائق تحسین ہے ، ڈپٹی کمشنر

بدھ 25 اپریل 2018 23:19

اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ کسی بھی ناگہانی آفت اور مشکل حالات میں لوگوں کی جان و ما ل کو بچانے کے لئے سرکاری ادارو ں کی مربوط کاوشوں کی جانچ ،باہمی ربط و رابطہ اور پورے استعداد کار کو بروئے کار لانے کے لئے موک ایکسر سائز بہترین طریقہ کار ہے ریسکیو 1122کے زیر اہتمام لوئر باری دو آب پر ہونے والی موک ایکسر سائز میں تمام متعلقہ اداروں کی کار کردگی لائق تحسین ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نہر لوئر باری دو آب پر ریسکیو 1122کی جانب سے کی جانے والی موک ایکسر سائز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ریسکیو 1122کے جوانوں نے سیلاب کی صورت حالات اور لوگوں کو ان کے سامان اور مال مویشیوں سمیت ریسکیو کرنے کا عملی مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

نہر میں ریسکیو 1122کے جوانوں نے موٹر بوٹس کے ذریعے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کو گارڈ ااف آنر پیش کیا ۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے محکمہ لائیو سٹاک ،محکمہ صحت ،ایدھی ویلفیئر ،محکمہ زراعت ،محکمہ سول ڈیفنس ،بلدیہ اوکارہ ،فائر بریگیڈ سمیت متعلقہ محکموں کے امدادی سٹالز کا بھی معائنہ کیا انہوں نے ہدائیت کی کہ کسی بھی ایمرجنسی سے نپٹنے کے لئے تمام ادارے بھر پور تیاریاں کریں اور تمام ضروری مشینری کو بھی چالو حالت میں رکھیں ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے سرکاری اداروں کے افسران اور محکموں کو دی جانیو الی تربیت اور سیلابی صورتحال سمیت دیگر آفات سے نمٹنے کیلئے تیاریوں سے متعلق بتایا انہوں نے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کے انخلاء اور ان کے کیمپوں میں عارضی قیام اور عارضی رہائشوں کے بنائے جانے اور دیگر انتظامات سے متعلق بھی بریفنگ دی۔