لاہور ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں آئین اور قانون کے مطابق باقی ایام گزاریں اور سنجیدگی سے نگران حکومت کی تقرری کا فیصلہ کر لیں، لیاقت بلوچ

سیاست میں تلخی ، توہین آمیز رویے اور لاابالی پن سب کے لیے نقصان دہ ہے ، یہ وقت ہے کہ تمام سیاسی، دینی ، جمہوری جماعتیں پوری سنجیدگی سے آئین کے مطابق بروقت اور بہتر ماحول میں عام انتخابات کو یقینی بنائیں،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان

بدھ 25 اپریل 2018 23:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ 27 اپریل کو اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن نے مرکزی عہدیداران کا بہت اہم اجلاس طلب کیاہے ۔ 2مئی کے قومی ورکرز کنونشن اور اس کے لائحہ عمل کی تفصیلات طے کی جائیں گے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا اب اختتامی مرحلہ ہے ۔ حکومتیں آئین اور قانون کے مطابق باقی ایام گزاریں اور سنجیدگی سے نگران حکومت کی تقرری کا فیصلہ کر لیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے سینیٹ انتخابات اور حالات کو پوری سچائی سے بیان کردیاہے ۔ خیبر پختونخوا میں حکومت اور صوبائی حکومتی عہدیداران کے بیانات کے حوالہ سے ٹاسک جماعت اسلامی خیبر پختونخوا اور پارلیمانی پارٹی خود دیکھ لے گی ۔

(جاری ہے)

سیاست میں تلخی ، توہین آمیز رویے اور لاابالی پن سب کے لیے نقصان دہ ہے ۔ یہ وقت ہے کہ تمام سیاسی، دینی ، جمہوری جماعتیں پوری سنجیدگی سے آئین کے مطابق بروقت اور بہتر ماحول میں عام انتخابات کو یقینی بنائیں ۔ لیاقت بلوچ نے کوئٹہ میں دہشتگردی کے مسلسل واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی کے پیچھے مودی ہے ۔ انہوں نے شہدا اور زخمیوں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ دہشتگردی پسپا ہوگی ، شہداء کا خون رنگ لائے گا ۔