ریگولیٹری اتھارٹی بل تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا تاریخی اور احسن اقدام ہے،والدین کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ اپریل 23:33

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2018ء) ریگولیٹری اتھارٹی بل تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا تاریخی اور احسن اقدام ہے، نجی تعلیمی ادارے مافیا کا روپ دھار چکے ہیں، تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نجی تعلیمی اداروں کی من مانی اور لوٹ مار کے خاتمہ کیلئے ہر حال میں ریگولیٹری اتھارٹی بل عملی طور پر نافذ کرے، خود ساختہ ہڑتال کے نام پر نونہالان وطن کے تعلیمی مستقبل کو تباہ کرنے والے جان لیں ہمیں اپنے بچوں کے پورے تعلیمی سال کی قربانی بھی دینا پڑی تو گریز نہیں کریں گے مگر ہر مقام پر والدین تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے اس احسن اور تاریخی اقدام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے، صوبائی حکومت اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہ ہٹے۔

ان خیالات کا اظہار کھلابٹ کے رہائشی والدین نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کے دوران صحافیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کے مالکان نے تعلیم کے نام تجارت شروع کر رکھی ہے، من پسند اور من مانی بھاری فیسوں کا نفاذ ایڈمیشن اینول فیس، پیپر منی اور دیگر حربوں سے والدین کو لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ اکثریتی نجی تعلیمی ادارے اپنے ملازمین، اساتذہ اور سٹاف کو انتہائی کم اجرت دیکر ان پر بھی ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے جن کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس بات کا بھی نوٹس لے کہ پلے گروپ تا آٹھویں جماعت تک پڑھنے والے کمزور اور درمیانے بچے کو بغیر کسی وجہ کے سرکاری یا دوسرے کسی سکول میں داخل کروانے کیلئے والدین پر دبائو ڈالا جاتا ہے تاکہ ان کے بورڈ میں نتائج کمزور نہ آ سکیں۔ انہوں نے ریگو لیٹری بل پر تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو زبر دست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت نجی تعلیمی اداروں کے کسی مطالبات کو تسلیم نہ کرے اور ہر ممکن ریگولیٹری بل کے عملی نفاذ کیلئے فوری اقدامات اٹھائے تاکہ من مانی اور لوٹ مار کا بازار بند ہو سکے۔