ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے میگا تعمیراتی منصوبہ پر تعمیراتی کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا

بدھ 25 اپریل 2018 23:33

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے میگا تعمیراتی منصوبہ پر تعمیراتی کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ یہ تعمیراتی منصوبہ 8 اکیڈیمک بلاکس پر مشتمل ہے اور ہر اکیڈیمک بلاک میں 30 سے زائد تعلیمی شعبہ جات قائم کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس منصوبہ کے تحت 8 اکیڈیمک بلاکس کی تعمیر آخری مراحل میں ہے، تعمیراتی منصوبہ کی تکمیل سے یونیورسٹی کے تعلیمی و تحقیقی شعبوں کیلئے 96 کلاس رومز، 24 لیکچر رومز، 10 لیبارٹریاں اور مختلف تعلیمی شعبہ جات کیلئے جدید ترین سائنٹفک آلات کی فراہمی شامل ہیں۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ منصوبہ کے تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور یہ تعمیراتی منصوبہ یونیورسٹی کی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہو گا اور اس کی تکمیل سے یونیورسٹی کو درپیش انفرا سٹرکچر کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ اس منصوبہ کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے 66 کروڑ روپے فراہم کئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :