موٹر وے پولیس کی کاروائی، 300 سے زائد بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کی موٹر سائیکلیں ضبط کر لی گئی

بدھ 25 اپریل 2018 23:36

سکھر۔25اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) موٹر وے پولیس کی جانب سے ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کی زیر نگرانی سکھر سیکٹر کی جانب سے سکھر سیکٹر کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور لوکل پولیس کے ساتھ مل کر کالے شیشے والی گاڑیوں، فینسی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں اوربغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والے افراد کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئی300 سے زائد فینسی نمبر پلیٹس ضبط کرنے سمیت200 سے زائد کالے شیشیے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کی گئی،جبکہ 50ہزار سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا، اس کے علاوہ 300 سے زائد بغیر ہیلمٹ سفر کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکلیں ضبط بھی کی گئیں اور ان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

اس موقع پر موٹر وے پولیس کی جانب سے مسافروں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں خصوصی آگاہی بھی فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی موٹر وے پولیس غلام سرور بھیو کا کہنا تھا کہ کاروائی کا مقصد ٹریفک قوانین کی پاسداری کرانا ہے اور ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے پیش نظر مشکوک گاڑیوں کو خصوصی طور پر نیشنل ہائی وے پر چیک کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں رینجرز اور لوکل پولیس کے اہلکار بھی موٹر وے پولیس کے ساتھ اس کاروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی جی موٹر وے سید کلیم امام کی خصوصی ہدایت پر یہ کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور یہ کاروائی آئی جی موٹر وے کے حکم کے مطابق جاری رہے گی۔