زمبابوے جولائی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کی میزبانی کرے گا

جمعرات 26 اپریل 2018 09:30

ہرارے ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) زمبابوے رواں برس جولائی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کی میزبانی کرے گا، اس کے علاوہ زمبابوے اور پاکستان کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز بھی شیڈول ہے۔ فیوچر ٹور پروگرامز کے تحت آسٹریلیا نے دورہ زمبابوے میں ایک ٹیسٹ اور پاکستان نے دو ٹیسٹ کھیلنے تھے تاہم زمبابوے کرکٹ نے مالی بحران کے پیش نظر ہوم ٹیسٹ میچز کی میزبانی سے معذرت کر لی۔

(جاری ہے)

زمبابوے کرکٹ کے مینجنگ ڈائریکٹر فیصل حسنین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم کی آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ تک رسائی میں ناکامی پر بے حد مایوسی ہوئی، ہمیں اس وقت شدید مالی بحران کا سامنا ہے اسلئے پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی میزبانی نہیں کریں گے تاہم تینوں ٹیموں کے درمیان سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز جولائی میں کھیلی جائے گی، انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے خلاف شیڈول ون ڈے سیریز بھی مشکل نظر آ رہی ہے، مالی مسائل حل نہ ہوئے تو ہمیں پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز موخر کرنا ہو گی۔

متعلقہ عنوان :