شہریوں کو ڈینگی سے بچانا ہم سب کا قومی فریضہ ہے، سائرہ عمر

جمعرات 26 اپریل 2018 11:00

قصور۔26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) شہریوں کو ڈینگی جیسے موذی مرض سے بچانا ہم سب کا قومی فریضہ ہے جس کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا‘اسسٹنٹ کمشنرز ڈینگی سرگرمیوں کے حوالے سے بنائے گئے مائیکرو پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ‘ان ڈور اور آئوٹ ڈور ٹیموں کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں ‘تمام میونسپل کمیٹیز کے چیف آفیسرز اپنی اپنی حدود میں ڈینگی آگاہی مہم چلائیں اور اس میں بلدیاتی نمائندوں اور عوام کی شمولیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ نے بتایا کہ رواں سال کے دوران 344 ڈینگی مشتبہ کیسز اور 5 پروبیبل کیس رپورٹ ہوئے ہیں تا ہم ابھی تک ڈینگی کاکوئی بھی کنفرم کیس سامنے نہیں آیا ۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ موسم ڈینگی مچھر کی پرورش کے لئے موزوں ہے اس لئے ان ڈور اور آئوٹ ڈور ٹیموںکو ڈینگی سرویلنس کے حوالے سے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈینگی ٹیموں کے زیر استعمال انڈرائڈ فون کی خرابی اور انٹر نیٹ کی عدم فراہمی کی وجہ سے چند مقامات پر ٹیموں کی کارکردگی ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ نہیں ہوئی جس کی وجہ سے ضلع کی مجموعی کارکردگی پر فرق پڑا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ کو حکم دیا کہ وہ ’’ایس این اے‘‘ کی مدد سے اس ٹیکنیکل خرابی کو فوری طو ر پر دور کریں اور اگر ضرورت محسوس ہو تو ان ٹرینڈ عملے کی تربیت کا فوری طور پر انتظام کیا جائے ۔

ڈپٹی کمشنر نے ضلع کونسل اور تمام میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ ہارٹ سپارٹس،قبرستانوں ،کباڑ خانوں اور ٹائر شاپس وغیرہ پر ڈینگی سرویلنس کے کام کو رواں ماہ کے اندر ہر قیمت پر مکمل کریں ۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر قصور اور پتوکی کو ہدایت کی کہ وہ خود ٹینریز اور نرسیوں کا دورہ کریں اور محکمہ صحت کے عملے کے ساتھ ملکر وہاں ڈینگی سرویلنس کے عمل کو مکمل کروائیں ۔