حریت رہنمائوں کی طرف سے ترال میںشہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش

جمعرات 26 اپریل 2018 12:21

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوںشہید ہونیو الے چار کشمیری نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق بھارتی فوجیوں نے منگل کے روز ترال کے علاقے دیدار پورہ لام تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران چار نوجوانوںعابد مقبول بٹ،اشفاق احمدخان ، عمر جاوید اور یاسر احمد کوشہید کردیا تھا۔

اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرر ہے ہیں ، انہوںنے کہاکہ جن نو جوانوں کو اپنے والدین، گھروں، سماج اور قوم کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچاناتھا وہ بھارت کی ضداور ہٹ دھرمی کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گزشتہ 70برس کے دوران بھارت نے کشمیر ی عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑے اور ان کے مستقبل کو تاریک کر دیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام سیاسی، قانونی، مذہبی، تہذیبی، اقتصادی، معاشی، معاشرتی اور سماجی حقوق پر شب خون مارا گیا اور کشمیر کو ایک ایسی فوجی کالونی بنادیا گیا جہاں راحت سے سانس لینا بھی مشکل ہوگیا ہے اور کشمیریوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں جیسا سلوک روا رکھا جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت نے تمام جمہوری اور پُرامن ذرائع کو مسدود کرکے فوجی طاقت کا بے تحاشا استعمال کرکے اپنے جبری قبضے کو دوام بخشنے کی روش اختیار کررکھی ہے، جس کے نتیجے میں ہماری تعلیم یافتہ نوجوان نسل مجبورا سرفروشی کا راستہ اختیار کررہی ہے۔

اشرف صحرائی نے کہا کہ بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے اور جموں وکشمیر جیسے دیرینہ اور متنازعہ مسئلہ کواس کے تاریخی پس منظر میں حل کرنے کی طرف سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی قائم ہوسکے۔ تحریک حریت کے چیئرمین نے پلوامہ میں بھارتی فورسزکی طرف سے چھاپوںاور کشمیری طلباء اور نوجوانوںکی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی ہے۔

ادھر دختران ملت کی سربراہ آسیہ انداربی، پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ ،شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر ، محمد احسن انتو ، امتیاز احمد ریشی، غلام نبی وار ،محمد یاسین عطائی اور جموں وکشمیرمسلم لیگ نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں شہدائے ترال کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کشمیری شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیا۔

دریں اثناء تحریک حریت جموںو کشمیر کے رہنمائوں محمد اشرف لایا، حاجی محمد رستم بٹ اور پرویز احمد پر مشتمل ایک وفد نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی اہلیہ کی وفات پر غلام محمد صفی کے برادرنسبتی غلام محمد بٹ کے گھر امر گڑھ سوپور جاکر تعزیت کی۔انہوںنے مرحومہ کی بلندی درجات کیلئے بھی دعا کی۔