الائی میں غیرت کے نام پر میاں، بیوی اور بیٹی سمیت تین افراد کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا

جمعرات 26 اپریل 2018 13:13

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) الائی میں غیرت کے نام پر میاں، بیوی اور بیٹی سمیت تین افراد کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا، ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچائی گئیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کردی گئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق فضل ربی سکنہ چلاس نے پسند کی شادی کی اور تین ماہ پہلے الائی منتقل ہوگیا، اس کی بیوی کے لواحقین نے گزشتہ رات الائی کونشئی میں اس کی رہائش گاہ پر حملہ کردیا اور فائرنگ کر کے فضل ربی، اس کی بیوی اور بیٹی کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

الائی پولیس نے مقبول کے لواحقین ملک مسکین ولد میر علی کی رپورٹ پر ثناء الله، جہانزیب اور اقبال وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی، نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچائی گئیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی گئیں۔ الائی پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔