اے ٹی ایچ میں انجیو پلاسٹی کیلئے فنڈ موجود ہونے کے باوجود ہسپتال انتظامیہ سامان خریدنے میں ناکام، مریض شدید پریشان

جمعرات 26 اپریل 2018 13:13

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں غریب اور مستحق مریضوں کی انجیو پلاسٹی کیلئے ایک کروڑ 65 لاکھ روپے کا فنڈ موجود ہونے کے باوجود ہسپتال انتظامیہ کی نااہلی کے باعث انجیو پلاسٹی کا سامان خریدا نہیں جاسکا جس سے دل کے امراض میں مبتلا غریب اور مستحق مریض موت کے منہ میں جانے لگے۔ دل کے وارڈ کے ڈاکٹروں نے غریب اور مستحق 170 مریضوں کو ویٹنگ لسٹ میں ڈال دیا، مریض اور ان کے لواحقین ہسپتال انتظامیہ کی نااہلی پر سراپا احتجاج بن گئے۔

ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں دل کے امراض میں مبتلا غریب اور مستحق مریضوں کو انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی مفت سہولت کی فراہمی کیلئے خصوصی فنڈ منظور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اب بھی ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ کے پاس غریب اور مستحق مریضوں کی انجیو پلاسٹی کیلئے ایک کروڑ 65 لاکھ روپے کا فنڈ موجود ہے، ہسپتال انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے کئی ماہ گذر جانے کے باوجود انجیو پلاسٹی کا سامان نہیں خریدا جا سکا جس کی وجہ سے ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں جانے والے غریب اور مستحق دل کے مریضوں کو ویٹنگ لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال انتظامیہ ایمرجنسی آئٹم ہونے کے باوجود انجیو پلاسٹی کے سامان کی خریداری میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے جس سے مریض موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :