Live Updates

بس ریپڈ ٹرانسپورٹ کے نام پر تحریک انصاف کی حکومت اربوں روپے کی کرپشن کر رہی ہے، مولانا شجاع الملک

جمعرات 26 اپریل 2018 13:15

کوہستان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا شجاع الملک نے کہا ہے کہ بس ریپڈ ٹرانسپورٹ کے نام پر تحریک انصاف کی حکومت اربوں روپے کی کرپشن کر رہی ہے، اس حکومت نے صوبہ کے صحت اور تعلیمی نظام کے معیار کو برباد کر کے رکھ دیا ہے، عوام آمدہ الیکشن میں پی ٹی آئی کا جنازہ نکالے گی۔

وہ فیض العلوم سیر گیال بٹگرام میں تعلیم القرآن کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت کے بغیر خلافت ناممکن ہے، جمعیت کو ہر جماعت میں رہنے کا طعنہ دینے والے سن لیں، اگر ہم حکومت کا حصہ نہ ہوتے تو ملک سیکولر ازم بن جاتا، عمران خان نے سکولوں میں ہم جنس پرستی کے نصاب پڑھانے کیلئے این جی اوز سے پیسے لئے، پرویز خٹک نے صوبہ خیبر پختونخوا تباہ کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور بس منصوبہ پر 58 ارب روپے میں مال بٹورا جا رہا ہے اور وہ سڑک جو دو کروڑ میں فی کلو میٹر بنتی تھی، اسے دو ارب میں بنانے کیلئے حکمت عملی بنائی جا رہی ہے، ناقص معیار کو دیکھ کر ہر کوئی کہتا ہے کہ پیسے خٹک کے جیب میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جلسوں میں فحاشی اور عریانی عام ہوتی ہے، وہ شادیوں کے نعروں میں قوم کی مائوں اور بہنوں کو ناچوا رہے ہیں جس کی ترجیح کیلئے یہودی لابی کا ایجنڈا پس پردہ ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات