بڑھاپا الائونس پروگرام کے تحت یکم مارچ سے تاحال ایک لاکھ سے زائد فارم بزرگ شہریوں میں تقسیم کر دیئے گئے ہیں، خالد قریشی

جمعرات اپریل 13:35

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل2018ء) صوبائی حکومت کی جانب سے بڑھاپا الائونس پروگرام کے تحت یکم مارچ سے تاحال ایک لاکھ سے زائد فارم بزرگ شہریوں میں تقسیم کر دیئے گئے ہیں۔ سوشل ویلفیئر آفس انچارج خالد قریشی کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کے اعلان کردہ بڑھاپا سہولیات کے مطابق 60 سال اور زائد عمر کے شہریوں کیلئے ہسپتالوں میں الگ میڈیکل کائونٹر و چیک اپ، ادویات نرخوں میں رعایت، لائبریری، میوزیم، تفریحی مقامات اور باغات میں مفت داخلے کی اجازت کے ساتھ ساتھ مستحق افراد کی مالی امداد وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایبٹ آباد دفتر سے روزانہ کی بنیاد پر 500 سے زائد لوگوں کے فارم وصول کئے جاتے ہیں اور بزرگ شہریوں کیلئے اولڈ بینیفٹ فارم غریب اور امیر کیلئے یکساں ہیں، جس شخص کا شناختی کارڈ ضلع ایبٹ آباد کا ہو اس کا فارم وصول کیا جائے گا تاہم عوام میں رقم کے متعلق معلومات جھوٹ پر مبنی ہیں، ان کو چاہئے کہ آفس تشریف لائیں یہاں پر فارم اور لکھائی کا کوئی معاوضہ نہیں لیا جاتا، 7 مرد اور 7 خواتین عوام کی خدمت میں گامزن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان ورکرز میں بابو عبدالسلام اور ذاکر شام 5 بجے تک اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ خالد قریشی نے کہا کہ جن حضرات کی عمر 60 سال یا اس سے زائد ہے وہ کسی کونسلر، ناظم کی تصدیق کے بغیر ہمارے آفس تشریف لائیں، کسی کی باتوں میں نہ آئیں جو معلو مات درکار ہوں سوشل ویلفیئر آفس سے معلوم کریں، ابھی تک صوبائی گورنمنٹ سے آخری تاریخ کا نوٹیفیکیشن نہیں ملا، یکم مارچ2018ء سے لیکر 25 اپریل 2018ء تک تقریباً ایک لاکھ سے زائد فارم محکمہ بہبود آبادی سوشل ویلفیئر سب آفس نزد بس سٹینڈ نے وصول کر کے مین برانچ نزد سیٹھی مسجد ارسال کردیئے ہیں۔

انہوں نے ڈی سی اور ڈی پی او ایبٹ آباد سے مطالبہ کیا کہ سوشل ویلفیئر نزد بس سٹینڈ کے گرد نوسر باز گرہ متحرک ہے جو غریب بزرگ شہریوں کو سبز باغ دکھا کر لوٹنے میں سرگرم عمل ہے، یہاں میل اور فی میل پولیس اہلکار تعنیات کی جائیں تاکہ شہری ان کی چال بازی سے بچ سکیں۔

متعلقہ عنوان :