بزنس انکوبیشن سنٹر یونیورسٹی آف ہری پورکے زیراہتمام بزنس کلچر کو فروغ دینے کیلئے ایک روزہ ایکسپو کا انعقاد

جمعرات 26 اپریل 2018 13:35

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) بزنس انکوبیشن سنٹر یونیورسٹی آف ہری پورکے زیراہتمام بزنس کلچر کو فروغ دینے کیلئے ایک روزہ ایکسپو کا انعقاد کیا گیا جس میں جامعہ ہریپور کے طلبہ و طالبات اور کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے مختلف اشیاء کے سٹالز لگائے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر عابد فرید نے بزنس ایکسپو کا افتتاح کیا اور مہمانوں کے ہمراہ مختلف سٹالز کا وزٹ کیا اور سٹالز ہولڈرز سے بریفنگ لی۔

اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر عابد فرید، بی آئی سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحمت زمان اور میڈم نیلم نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ملک کی دیگر جامعات کی طرح جامعہ ہری پور میں بھی بزنس انکوبیشن سنٹر قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد بزنس کلچر کو فروغ دینا ہے تاکہ کمیونٹی کے دیگر افراد کے ساتھ ساتھ طلباء حصول علم کے بعد نوکریاں ڈھونڈنے کٓی بجائے ملازم تلاش کریں، اس مقصد کیلئے کوئی بھی بزنس شروع کرنے کے خواہشمند افراد کو بی آئی سی کے تعاون سے جامعہ ہریپور میں نہ صرف جگہ اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ انہیں متعلقہ بزنس کے حوالہ سے تربیت بھی دی جاتی ہے اور جب وہ انکم شروع کرتے ہیں تو پھر کمپنی رجسٹریشن کے تمام عمل میں ان کے ساتھ تعاون اور رہنمائی بھی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس ایک روزہ بزنس ایکسپو کے انعقاد کا مقصد بھی دیگر طلبہ و طالبات اور کمیونٹی کے افراد کو بزنس کی طرف راغب کرنے اور ان کو اپنے آئیڈیاز شیئر کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ایکسپو کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز میں انعامات اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :