چھائوں سوسائٹی کے زیراہتمام لگائے گئے فن میلہ کی آمدن یتیم بچوں میں تقسیم کر دی گئی

جمعرات 26 اپریل 2018 13:35

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) چھائوں سوسائٹی کے زیراہتمام لگائے گئے فن میلہ کی آمدن یتیم بچوں میں تقسیم کر دی گئی۔ اس حوالہ سے گذشتہ روز چھائوں سوسائٹی نے ڈی سی آفس میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر ہری پور فیاض علی شاہ، ڈی پی او سید خالد محمود ہمدانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید سیف الاسلام، ڈسٹرکٹ مانیڑنگ آفیسر محمد بشیر، اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمن، انفارمیشن آفیسر قاسم شاہ اور جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

چھائوں سوسائٹی کی انچارج عائشہ بتول، چیئرمین ذیشان احمد اور جوائنٹ سیکرٹری صباء ادریس نے ضلعی افسران کو بتایا کہ سوسائٹی نے قبل ازیں انتظامیہ کی اجازت سے لیڈی پارک ہری پور میں تین روزہ فن میلہ کا انعقاد کیا جس میں مختلف سٹالز لگائے گئے۔

(جاری ہے)

میلہ کا مقصد خواتین کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ میلہ کی آمدن سے یتیم بچوں کی امداد کرنا تھا جس کے بعد ہم نے غریب یتیم بچوں کا تعین کیا۔

اس موقع پر ضلعی افسران نے نو بچوں کی مائوں میں امدادی رقم تقسیم کی اور کہا کہ کفالت یتیمیٰ بہت عظیم کام ہے، اگر معاشرہ کے تمام طبقات اور شخصیات اس سوچ کو پروان چڑھائیں تو معاشرہ سے غربت ختم کی جا سکتی ہے۔ چھائوں سوسائٹی کا یہ اقدام لائق تحسین ہے جس پر سوسائٹی کے جملہ عہدیداران و رضاکاران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر افسران نے رضاکاروں میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے جبکہ سوسائٹی کی انچارج میڈم عائشہ بتول نے فن میلہ کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرنے پر ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :