فیصل آباد کے شہریوں کو روزانہ 30ملین گیلن پینے کا صاف پانی سپلائی کرنے کے دوسرے میگا پراجیکٹ پر جلد عملدرا ٓمد کا اعلان

جمعرات 26 اپریل 2018 15:00

فیصل آباد۔26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) فیصل آباد کے شہریوں کو روزانہ 30ملین گیلن پینے کا صاف پانی سپلائی کرنے کے دوسرے میگا پراجیکٹ پر جلد عملدرا ٓمد کا اعلان کر دیا گیا جس کیلئے فرانسیسی حکومت 14ارب روپے کی گرانٹ فراہم کرے گی۔ اس ضمن میں ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مومن آغا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے ترقیاتی اقدامات کے تحت 14ارب روپے کی لاگت سے دوسرے مرحلے میں واٹر سپلائی کے توسیعی منصوبے پر عنقریب عملدرآمد شروع ہوجائے گا جس کیلئے فرانسیسی حکومت کی معاونت قابل ستائش ہے۔

وہ فرنچ ڈویلپمنٹ بینک کی ٹاسک ٹیم لیڈر مس گیونولہ مائیکل کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کررہے تھے جس میں پراجیکٹ منیجر احسن پراچہ،اسسٹنٹ پراجیکٹ منیجر انیس ثروت شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری،ایڈیشنل کمشنر(کوآرڈینیشن)مہر شفقت اللہ مشتاق اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے فرانسیسی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے فیصل آباد کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کررکھی ہے۔

اس ضمن میں میگاپراجیکٹس کا قیام انقلابی قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں واٹر سپلائی کا میگا پراجیکٹ اس شہر کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے جو روزانہ 30ملین گیلن پینے کا صاف پانی سپلائی کرے گاجس کی تیز رفتار اورکامیاب تکمیل کیلئے تمام تر تکنیکی وانتظامی معاونت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ قبل ازیں بھی 6ارب روپے کی لاگت سے فرنچ واٹر سپلائی پراجیکٹ کے قیام میں فرانسیسی حکومت کاقابل قدر تعاون حاصل ہوا تھا جسکی بدولت شہریوں کو 15ملین گیلن پینے کاصاف پانی فراہم کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔

انہوں نے دوسرے مرحلے کا توسیعی منصوبہ برائے واٹر سپلائی کی تفصیلات کاجائزہ لیتے ہوئے فرنچ ڈویلپمنٹ بینک کی طرف سے اس میگا پراجیکٹ کے لئے 95ملین یورو کے سافٹ لون کی منظوری دینے پر فرانسیسی حکومت اور بینک انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ منصوبے کے کنٹریکٹ اور ٹینڈرنگ کی تکمیل کے ساتھ ہی اس منصوبے پر فوری کام شروع کردیا جائیگا۔

ٹاسک ٹیم لیڈر مس گیو نولہ نے ڈویژنل کمشنر مومن آغا کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور کنٹریکٹ دستاویزات کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ فرنچ ڈویلپمنٹ بینک پاکستان میں واٹر اینڈ سینیٹیشن کے شعبہ کی ترقی واستحکام کے پراجیکٹس میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اس سلسلے میں واٹر سپلائی کے توسیعی منصوبے کے لئے خطیر فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے شہری ترقی کے لئے واٹر سپلائی اورسیوریج کے منصوبوں کی وسعت کیلئے واسا کی کارکردگی کو سراہا۔ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری نے بتایا کہ فرنچ واٹر سپلائی پراجیکٹ فیز IIپر عملدرآمد کیلئے جڑانوالہ روڈ پر تمام تر ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے وسیع ترقیاتی اقدامات کے تحت گزشتہ پانچ سالوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کی مقدار60ملین گیلن روزانہ سے 110ملین گیلن تک بڑھائی گئی ہے اور فیز IIکے پراجیکٹ کی بدولت مزید 30ملین گیلن پانی روزانہ شہریوں کو فراہم کیا جائے گااور یہ منصوبہ دوسال کے اندر مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔