کپاس کے کاشتکاروں کو بروقت پودوں کی چھدرائی کرکے پودے سے پودے کا درمیانی فاصلہ پورا کرنے کی ہدایت

جمعرات 26 اپریل 2018 15:11

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) کپاس کے کاشتکاروں کو بروقت پودوں کی چھدرائی کرکے پودے سے پودے کادرمیانی فاصلہ پورا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور چھدرائی کاعمل بوائی کے 20 سے 25 دن کے اندریا پہلے پانی سے پہلے یا خشک گوڈی کے بعد مکمل کرنے کابھی مشورہ دیاگیاہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ بروقت چھدرائی سے کپاس کی اچھی پیداوارحاصل کی جاسکتی ہے تاہم اس کیلئے قطاروں میں پودوں کا آپس میں درمیانی فاصلہ وقت پر برقرار رکھناانتہائی اہمیت کا حامل ہے تاکہ پودے جگہ کی مناسبت سے بہترین بڑھوتری کرسکیں۔

انہوںنے کہاکہ فاصلہ چھدرائی کے ذریعے ضرورت سے زیادہ پودوں کو نکال کر ہی پورا کیا جاسکتاہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ عمل ہر حالت میں ایک ہی دفعہ مکمل کیاجائے اور پودوں کی تعداد بھی 30اپریل تک 17500 سے 23000تک اور یکم سے 15مئی تک 23000سے 35000 فی ایکڑ رکھی جائے۔ انہوںنے کہاکہ جن علاقوں میں وائرس کاحملہ شدید ہوتاہے وہاں چھدرائی کا عمل پہلے پانی کے بعد مکمل کرتے ہوئے متاثرہ پودوں کو تمام ممکن حد تک نکال دیناچاہیے تاکہ فصل متاثر نہ ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :