فیصل آباد ڈویژن کے کاشتکاروں میں باردانہ کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا

جمعرات اپریل 15:11

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل2018ء) فیصل آباد ڈویژن کے تمام اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ کے کاشتکاروں میں بار دانہ کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ محکمہ خوراک کی جانب سے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں قائم کئے گئے 38 گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کو باردانہ کی فراہمی شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے اور کسی بھی قسم کی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے مختلف انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو بھر پور انداز میں بار دانہ کی تقسیم کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں گی۔

محکمہ خوراک فیصل آباد کے ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹر فوڈ پنجاب کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ فیصل آباد ڈویژن کو باردانہ فراہمی کا عمل میرٹ پر شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ باردانہ اجراء پالیسی کے تحت گندم خریداری مہم کے آغاز کے پہلے 10 روز کے دوران کاشتکاروں کو 50 فیصد تک باردانہ تقسیم کرنے کے اہداف بھی مقرر کئے گئے ہیں۔

اس طرح اگلے 10 روز کے دوران 30 فیصد اور باقی 20 فیصد باردانہ آخری 10 روز کے دوران تقسیم کیا جائے گا۔ انہوںنے بتا یا کہ باردانہ کی یومیہ تقسیم کے اہداف مقرر کرنے کے مجاز ڈائریکٹر فوڈ پنجاب ہوں گے جبکہ اضافی باردانہ کی تقسیم یا ضلعی سطح پر ایلوکیشن میں کمی یا زیادتی کیلئے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کو مجاز اتھارٹی مقرر کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :