ڈیرہ غازی خان ،ْ

موٹرسائیکل پر طویل مسافت طے کرکے اسکول آنے والی خاتون ٹیچر کبھی کبھی ہم اسکول نہیں آتے ،ْ میڈم روز آتی ہیں ،ْ بارش ہو ،ْ گرمی ہو یا سردی ،ْ استاد ضرور آتی ہیں ،ْطالب علموں کی گفتگو

جمعرات 26 اپریل 2018 15:28

ڈیرہ غازی خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) ڈیرہ غازی خان کے قدامت پسند ماحول میں ایک بہادر خاتون ٹیچر گھر سے 27 کلومیٹر دور موٹر سائیکل چلاکر اسکول جاتی ہیں، جہاں وہ قبائلی بچوں کو تعلیم دیتی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 33 سالہ ماہ جبین بی بی ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ کی بستی سوکڑ کی رہائشی ہیں۔انہوں نے بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے ایم اے پولیٹیکل سائنس اور ایم ایڈ بھی کر رکھا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ماہ جبین اپنے گھر سے روزانہ موٹرسائیکل پر 27 کلومیٹر کی مسافت طے کرکے کوہ سلیمان کے دامن میں قبائلی بچوں کو تعلیم دینے اسکول جاتی ہیں۔کوہ سلیمان کے دامن میں واقع بستی کلیری کا بوائز پرائمری اسکول قبائلی اور انتظامی علاقے کی سرحد پر ہے، بستی کلیری وہی علاقہ ہے جہاں کچھ عرصہ قبل سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کئی دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ماہ جبین کے گھر سے اسکول تک کا راستہ کچا ہے، جو سنسان اور ویرانے سے ہوکر گزرتا ہے تاہم یہ خوف زدہ کردینے والے راستے اور ماحول بھی اس بہاد خاتون ٹیچر کو اپنے فرض سے دور نہ کرسکے۔طلبہ اپنی اس فرض شناس ٹیچر کے گن گاتے نہیں تھکتے اور ان کا کہنا ہے کہ بارش ہو، گرمی ہو یا سردی، ان کی استاد اسکول ضرور آتی ہیں۔ایک طالبعلم نے کہا کہ کبھی کبھی ہم اسکول نہیں آتے لیکن میڈم روز آتی ہیں۔

تونسہ اور قبائلی علاقے کی سرحدی پٹی پر واقع بوائز پرائمری اسکول میں ماہ جبین 6 سال سے تعینات ہیں ،ْاس اسکول میں دو اور مرد ٹیچر بھی ہیں، لیکن فیمیل ٹیچر صرف ماہ جبین ہیں ،ْان کے آنے سے علاقے کی بچیاں بھی تعلیم حاصل کرنے آنے لگی ہیں ،ْ اس سے قبل گرلز اسکول نہ ہونے سے بچیوں کے لیے تعلیم کے دروازے بند تھے۔ماہ جبین کے مطابق وہ اس تنگ نظر ماحول میں مسلسل 6 سال سے باپردہ موٹر سائیکل چلا کر اسکول جارہی ہیں تاہم اب وہ قریبی سکول میں تعیناتی کی خواہش رکھتی ہیں تاکہ گھر اور بچوں کو زیادہ وقت دے سکیں۔