بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیاہے‘چوہدری محمد یاسین

امر ہاتھ ناترا کی آڑ میں مزید80 فوجی کمپنیاں مقبوضہ کشمیر میں تعینات کی جارہی ہیں ،جن کے ذریعے نہتے عوام پر بدترین جبر اور تشدد کیا جائے گا

جمعرات 26 اپریل 2018 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیاہے۔ امر ہاتھ ناترا کی آڑ میں مزید80 فوجی کمپنیاں مقبوضہ کشمیر میں تعینات کی جارہی ہیں ،جن کے ذریعے نہتے عوام پر بدترین جبر اور تشدد کیا جائے گا ۔

اقوام عالم اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اسکا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد نریندررمودی کی پالیسی ہے کہ طاقت اور جبر کے ذریعے کشمیر یوں کی تحریک کو کچل دیا جائے اور اس نے اب اسی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے مقبوضہ کشمیر میں مزید 80 فوجی کمپنیاں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو کشمیر یوں پر ظلم و ستم اور بربریت ڈھائیں گی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے کو روکنے کے لئے حکومت پاکستان فوری طور پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے اور بھارت کے ان ناپاک عزاہم کوناکام بنانے کے لیے پوری قوم متحد ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان آزادکشمیر کے عوام کی محافظ ہیں افواج پاکستان نے دفاع وطن کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے پوری قوم پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو بھارتی افواج کی دہشت گردی کا نوٹس لینا ہو گا کشمیر کے اندر بچے ،بوڑھے آصفہ کے سانحہ کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں پرامن احتجاج ہو رہا ہے اور بھارتی فورسز اس پرامن احتجاج کو طاقت کے زور پر دبانے میں مصروف ہے ۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں کے طلبا پر قابض فوج کا تشدد اور گرفتاریاں ناقابل برداشت ہیں ۔