شیخ زید ہسپتال کے کمانڈنٹ نے میڈیکل اور پیرا میڈیکل سٹاف کو نظم و ضبط کا پابند بنانے اور مریضوں کے مکمل علاج معالجہ کیلئے ٹھوس اقدامات کی مثال قائم کردی، ہسپتال کے مختلف وارڈ کے اچانک معائنوں کا سلسلہ جاری

جمعرات 26 اپریل 2018 15:30

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) شیخ زید ہسپتال مظفر آباد کے کمانڈنٹ حسن اقبال نے میڈیکل اور پیرا میڈیکل سٹاف کو نظم و ضبط کا پابند بنانے اور مریضوں کے مکمل علاج معالجہ کیلئے ٹھوس اقدامات عمل میں لاکر مثال قائم کردی۔ ہسپتال کے مختلف وارڈ کے اچانک معائنوں کا سلسلہ جاری ، مریضوں نے سکھ کا سانس لیا ۔ میڈیکل آفیسران اور پیرا میڈیکل سٹاف کو غفلت ، لاپرواہی اور ڈیوٹی کے اوقات کار کی پابندی نہ کرنے کی پاداش میں ان سے جواب طلبی کرنے کے باوجود سارا سٹاف کمانڈنٹ کے اقدامات کو قدر کی نگاہوں سے دیکھنے لگا۔

ذرائع کے مطابق شیخ زید ہسپتال (سی ایم ایچ) کے کمانڈنٹ نے آئے روز عوامی شکایات کی روشنی میں علاج معالجہ کے ناقص نظام کو ختم کرنے اور ہسپتال میں نظم و ضبط کے قیام کیلئے ٹھوس اور جاندار اقدامات عمل میں لانا شروع کردیئے ہیں جس سے عوام بالخصوص ہسپتال میں داخل مریضوں کو خصوصی ریلیف ملنا شروع ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

کمانڈنٹ روزانہ کی بنیاد پر ہسپتال کے تمام شعبہ جات جن میں جملہ وارڈز شامل ہیں ان کا اچانک معائنہ کرتے ہیں ۔ جس کی وجہ سے نہ صرف ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا نظام بہتر ہوا بلکہ مریضوں کو بطور خاص ، نادار مریضوں جن کی کوئی سفارش نہ تھی ان کے علاج معالجہ کیلئے وسائل مہیا ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔ شہریوں نے بھی کمانڈنٹ کے ان اقدامات کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :