کراچی میں 13 سالہ نوجوان کو ڈاکو قرار دیکر مار دیا گیا، آئی جی سندھ نے نوٹس لے لیا

جمعرات 26 اپریل 2018 15:37

کراچی میں 13 سالہ نوجوان کو ڈاکو قرار دیکر مار دیا گیا، آئی جی سندھ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں معمولی تنازعے پر کار سواروں نے تشدد کرکے نوجوان کو جان سے ماردیاجبکہ ساتھی لڑکا شدید زخمی ہوگیا۔ آئی جی سندھ نے ایس ایس پی سے رپورٹ طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ چھ دن قبل 19 اپریل کو پیش آیا، پولیس کے مطابق مقتول لڑکے کے والدین نے جمعرات کو ہی رابطہ کیا ہے۔

پولیس نے ملزم کے گھر پر چھاپا مارا لیکن گھر پر کوئی موجود نہیں تھا، شرجیل نامی مفرور ملزم سرکاری ملازم ہے۔ذرائع کے مطابق 13سالہ علی رضا اپنے کزن ساجد کے ساتھ بائیک پر جا رہا تھا کہ کار سوار سے تلخ کلامی ہوگئی، کمسن موٹرسائیکل سوار آگے بڑھ گئے لیکن کار والے نے پیچھا کر کے ٹکر مار دی اور اترتے ہی ڈاکو کا شور مچا دیا۔

(جاری ہے)

بدترین تشدد کا نشانہ بننے والے علی رضا اور ساجد کو رینجرز نے آکر چھڑایا لیکن 3 گھنٹے تک تحویل میں رکھنے کے بعد ہسپتال روانہ کیا جہاں علی رضا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، نوجوانوں کے اہلخانہ کو بھی اطلاع نہیں دی گئی۔

پولیس کے مطابق مقتول اور اس کے ساتھی کی کار سواروں کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی تھی، جس سے بات بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک پہنچی۔ واقعے میں شدید زخمی ہونے کے بعد رینجرز نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق ہونے والا طالب علم علی رضا آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم تھا جب کہ زخمی ہونے والا ساجد علی ساتویں جماعت کا طالب علم ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ اس واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔