سندھ کی تیل و گھی انڈسٹریز کیساتھ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے امتیازی سلوک کا انکشاف

پنجاب فوڈ اتھارٹی صرف اپنے صوبے کی گھی و تیل انڈسٹریز کی مصنوعات استعمال کرنے کیلئے دبائو ڈال رہی ہے،ذرائع

جمعرات 26 اپریل 2018 15:56

سندھ کی تیل و گھی انڈسٹریز کیساتھ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے امتیازی سلوک ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) سندھ کی تیل و گھی انڈسٹریز کیساتھ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے امتیازی سلوک کا انکشاف ہوا ہے،ذرائع کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے سندھ کی تیل و گھی انڈسٹریز مصنوعات پر غیر اعلانیہ پابندی اور صرف پنجاب کی تیل و گھی بنانے والی کمپنیوں کو ترجیح دینے کے خفیہ احکامات کے باعث سندھ کی گھی و تیل انڈسٹری کا صوبہ پنجاب میں کاروباری حصہ30فیصد تک متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے سندھ کی گھی و تیل انڈسٹریز میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب اس معاملے سے آل پاکستان وناسپتی مینوفیکچرز ایسوسی ایشن نے بھی چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے۔ اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی صرف اپنے صوبے کی گھی و تیل انڈسٹریز کی مصنوعات استعمال کرنے کیلئے دبائو ڈال رہی ہے جس کی وجہ سے سندھ کی40کے قریب گھی و تیل انڈسٹریز کی فروخت پنجاب میں30فیصد تک کم ہو گئی اس صورتحال کے سبب پنجاب میں موجود سندھ کی گھی وتیل انڈسٹریز کے ڈسٹری بیوٹرزبھی بھاری مالی خسارے سے دوچار ہیں اور وہ مقامی تیل و گھی انڈسٹریز کی مصنوعات رکھنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ سندھ کی گھی و تیل انڈسٹریز کی مصنوعات کی پنجاب میں سخت جانچ پڑتال کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہے حالانکہ سندھ سے پنجاب بھیجی جانیوالی گھی و تیل کی تمام مصنوعات پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے متعین کردہ معیارات کے مطابق ہوتی ہیں مگر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے سندھ کی گھی و تیل انڈسٹریز پر غیر اعلانیہ پابندی اور پنجاب کی انڈسٹریز کی مصنوعات مارکیٹ میں استعمال کرنے کیلئے دبائوکے سبب صوبہ سندھ کا پنجاب میں مارکیٹ شیئرز روز بروز کم ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے سندھ کی گھی و تیل انڈسٹریز کاروبار متاثر ہو رہا ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ آل پاکستا ن وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن نے بھی سندھ کی تیل و گھی انڈسٹریز کیساتھ امتیازی سلو ک پرخاموشی اختیار کر رکھی ہے جسے کاروباری اصولوں کے منافی قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں فوڈ اتھارٹی کے قیام کے بعد صوبہ پنجاب کی گھی و تیل ا نڈسٹری کو بھی سندھ میں سخت مسابقت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تاہم سندھ کی گھی و تیل انڈسٹریز ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ پنجاب فوڈز اتھارٹی کے طرز پرسندھ فوڈز اتھارٹی کے اس طرح کے کسی بھی اقدام کی مخالفت کریں گے ۔