کراچی میں امن قائم کرنے والے میاںنواز شریف کراچی کے عوام کے ہیرو بن چکے ہیں،بلال اعجاز شفیع

جمعرات 26 اپریل 2018 15:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقوں NA-248/249 سے میاں محمد نواز شریف کے متوقع امیدوارمیاں بلال اعجاز شفیع نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کے ہیرو میاں محمد نواز شریف ہیں جن کے جراتمندانہ فیصلوں کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو لاشوں، بھتوں اور قبضوں سے نجات ملی اور شہر کی روشنیاں بحال ہوئیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس کی قیادت کراچی شہر کو قائد اعظم کی نظر سے دیکھتی ہے ․ 1993 اور 1997کے انتخابات میں کراچی کے شہریوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) پر اعتماد کا جو پودا لگایا تھا آئندہ انتخابات میں میاں محمد نواز شریف پر اعتماد کا وہ پودا تناور درخت بن کر سامنے آئے گا․ کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے NA-239سے دو مرتبہ کامیاب ہونے والی پاکستان مسلم لیگ(ن) آئندہ انتخابات میں اس حلقے سمیت کراچی کے تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے کلین سویپ کر کے سیاسی پنڈتوں کو حیران کرے گی․سندھ کے عوام کے ساتھ روٹی کپڑے اور مکان کے نام سے تیس سالہ فراڈ کے خاتمے کا وقت قریب ہے پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے شہریوں کے لئے روٹی کپڑے اور مکان کی بجائے علم عدل اور امن کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کی زندگییقینی بنانے پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہی․ کراچی کو پاکستان کی قیادت کی ذمہ داریاں نبھانی ہیں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی کراچی سمیت سندھ کے عوام کو پاکستان کی حاکمیت میں برابر کی حصے داری کو یقینی بنائے گی․ اب سندھ کے شہروں پر پولیس کے ایس ایچ کی بجائے عوام کے منتخب نمائندوں کی حکمرانی ہوگی سندھ کو ماضی کی کرپٹ اور خون آشام سیاست سے مکمل نجات کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف اور مرکزی صدر میاں شہباز شریف دن رات کوشاں ہیں ہمیں یقین ہے کہ سندھ کا ہر شہری آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ساتھ کھڑا ہوگا․ میاں بلال اعجاز شفیع نے اعجاز شفیع مرحوم کی نشست NA-239کی تقسیم کے بعد تشکیل دئے جانے والے دونوں حلقوں NA-248/249سے انتخاب میں حصہ لینے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ قیادت مجھے دونوں حلقوں سے انتخاب لڑنے کی اجازت دے دے گی۔