شرمیلا فاروقی کو نااہل قرار دینے کی کارروائی کے خلاف درخواست کی سماعت ،فریقین کو تحریری جواب داخل کرانے کی ہدایت

جمعرات 26 اپریل 2018 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) سندھ ہائیکورٹ نے رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو نااہل قرار دینے کی کارروائی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت فریقین کو تحریری جواب داخل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی ۔ سندھ ہائیکورٹ میں رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو نااہل قرار دینے کی کارروائی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی ۔

(جاری ہے)

عدالت کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ جرم کے وقت احتساب آرڈی ننس 1997 ء نافذ تھا جبکہ پلی بارگیننگ کا فیصلہ نیب آرڈی ننس 1999 کے تحت کیا گیا ۔ 1997 ء کے قانون میں 21 سال کی نااہلی شامل نہیں تھی ۔ عدالت کو رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کے وکیل حسیب جمالی نے آگاہ کیا کہ نیب نے شرمیلا فاروقی کو نااہل قرار دینے کے لیے اسٹیٹ بینک اور الیکشن کمیشن کو دو خط لکھے ہیں ۔

شرمیلا فاروقی کی سزا 2001 ء پلی بارگیننگ کے ذریعہ ختم ہو گئی تھی ۔ پلی بارگیننگ کے بعد نااہلی کی سزا قائم رہنے کا قانون 2001 ء کے بعد بنا ۔ عدالت میں شرمیلا فاروقی کے خلاف نیب اور الیکشن کمیشن کو کارروائی روکنے سے متعلق جاری حکم امتناعی برقرار رکھتے ہوئے فریقین کو تحریری جواب داخل کرانے کی ہدایت کی ۔