فائر بریگیڈ کے محکمے کی خراب صورتحال کے ذمہ دار میئر کراچی ہیں، فردوس شمیم نقوی

جمعرات اپریل 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ میئر کراچی نے اربوں روپے کا فنڈ کھایا ، کراچی کے حالات جوں کے توں ہیں اور اب فائر بریگیڈ والے بھی ان کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ فائر بریگیڈ کے محکمے کی خراب صورتحال کے ذمہ دار میئر کراچی ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فائر بریگیڈ کے محکمے میں ملازمین کو بلا وجہ پریشان کیاجاتا ہے۔ ان کو ان کی تنخواہیں وقت پر نہیں ملتیں۔ فائربریگیڈ ایک اہم ادارہ ہے جس کی تباہی کے ذمہ دا رمیئر کراچی ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔ حکومت سندھ سے ملنے والے فنڈز میئر کراچی نے ہڑپ کر لیے۔

(جاری ہے)

کراچی والے ایمرجنسی کی حالت میں فائر بریگیڈ کی طرف دیکھتے ہیں تو الٹی گنگا بہتی دکھائی دیتی ہے۔

ایمرجنسی میں کام آنے والے ادارے کے ملازمین پر ایمرجنسی کا وقت آگیا ہے۔ فائر بریگیڈ کا عملہ کراچی والوں کے مشکل وقت میں دیر سے پہنچتا ہے جس سے کسی بھی وقت بھاری جانی و مالی نقصان ہوسکتا ہے جس کے ذمہ دار میئر کراچی ہوں گے۔ میئر کراچی کو احساس ہونا چاہئے تھا کہ کراچی کے لوگ ایمرجنسی کے وقت اگر فائر بریگیڈ سے بھی امید نہیں رکھ سکتے تو کس سے رکھیں گے۔

کیا میئر کراچی کے پاس فائر بریگیڈ کے ادارے کے ملازمین کے لیے کوئی ریلیف ہے، کیونکہ اگر ملازمین کو ریلیف نہیں ملا تو کراچی کے عوام کو بھی نہیں ملے گا اور اس میں صرف اور صرف میئر کراچی کا ہی قصور مانا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف فائر بریگیڈ کے ملازمین کے مؤقف کی حمایت کرتی ہے اور ہمیں مظلوم ملازمین سے دلی ہمدردی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ فائر بریگیڈ کے ملازمین کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔ انہیں ان کی تنخواہیں بر وقت دی جائیں اور تنخواہوں میں ڈنڈی نہ ماری جائے۔