Live Updates

کراچی کے لوگ اپنی بیٹیوں کو تیز دھار آلات سے قتل کرکے کچرہ کنڈیوں میں پھینک رہے ہیں،خرم شیر زمان

جمعرات 26 اپریل 2018 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ زمانہ جاہلیت میں لو گ اپنی بیٹیوں کو زندہ دفن کردیتے تھے اور کراچی کے لوگ ان سے ایک قدم آگے ہیں ۔

وہ اپنی بیٹیوں کو تیز دھار آلات سے قتل کرکے کچرہ کنڈیوں میں پھینک رہے ہیں اور حکومت وقت سو رہی ہے۔ یہ ظلم و بربریت کراچی کے لوگوں میں یہاں پھیلی ہوئی بے حسی کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے جس کا ذمہ دار حکمران طبقہ ہے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت میں لوگوں کے اندر بے حسی اور قتل و غارت بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس سے اب تک صرف کراچی میں ایدھی فائونڈیشن اور چھیپا ویلفیئر کو کچرے سے تین سو پینتالیس شیر خوار بچے اسی طرح تیز دھار آلات سے قتل کردہ ملے جن میں سے ننانوے فیصد لڑکیاں تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بڑے بڑے شہروں میں ایدھی فائونڈیشن نے جھولے بھی لگائے تاکہ لوگ جو اولاد نہیں چاہتے، اسے قتل کرنے کی بجائے ایدھی فائونڈیشن کے سپرد کریں لیکن اس کا رد عمل بھی حوصلہ افزا ء نہیں تھا۔ لوگ اپنے بچوں کو دوسروں کے حوالے کرنے سے بہتر یہ سمجھتے ہیں کہ انہیں اپنے ہاتھوں سے قتل کردیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ظلم وبربریت اور وحشیانہ رجحان کو ختم کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا اور کوئی پائیدار حل تلاش کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم جسے پیپلز پارٹی کی موجودہ سندھ حکومت سمیت کسی بھی گزشتہ دور کی حکومت نے آگے نہ بڑھنے دیا، اس کا پائیدار حل پیش کرسکتی تھی ، لیکن اسے بھی پنپنے نہیں دیا گیا۔ بے روزگاری، معاشی تنگی، بھوک اور افلاس کے ساتھ ساتھ جہالت نے ہمارے معاشرے کے لوگوں کو ایسے اقدامات پر مجبور کیا ہے جس کا علاج صرف اور صرف بہترین قیادت سے میسر آسکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات