ضلع کونسل کوہاٹ کاواٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کمپنی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

جمعرات 26 اپریل 2018 17:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) ضلع کونسل کوہاٹ کے اجلاس میں ضلع ناظم سمیت منتخب نمائندوں نے واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کمپنی (ڈبلیو ایس ایس سی )کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کردیااور آئندہ اجلاس میںمذکورہ کمپنی سے اس پر باقاعدہ بریفنگ لینے کی تیاری کرلی۔جمعرات کو ضلع نائب ناظم و کنوینئر حاجی عبدالرشیدکی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میںدوسروں کے علاوہ ضلع ناظم محمد نسیم آفریدی ،منتخب نمائندوں اور قومی تعمیرنو محکموں کے متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

گزشتہ روز کے سیشن میں خاتون ممبر کی طرف سے ڈبلیوایس ایس سی کی غیر تسلی بخش کارکردگی کے خلاف پیش کی گئی قرارداد پربحث کا آغاز کرتے ہوئے کنوینئر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کاشف الرحمان کوڈبلیو ایس ایس سی کے کردار اور ذمہ داریوں کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کرنے کا کہا جس پر انہوں نے ممبران ضلع کونسل کو بتایا کہ ڈبلیو ایس ایس سی سے اس کی کارکردگی میںبارے میںپوچھا جا سکتاہے۔

(جاری ہے)

ضلع ناظم محمد نسیم آفریدی نے ایوان سے خطاب میں ڈبلیو ایس ایس سی کی کارکردگی کوغیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو آگاہ کردیا گیاہے جبکہ چیف سیکرٹری کے متوقع دورہ کوہاٹ پر انہیں بھی آگاہ کیا جائے گا۔دریں اثناء اجلاس کے ابتداء میں ایوان کو رواںسالانہ ترقیاتی پروگرام کی سکیموں کے حوالے سے بتایا گیا کہ ان پر عملدرآمد میں 8سے 10 ماہ لگتے ہیں اور اتنے ہی مراحل سے گزرکر اگر آخرمیں کسی سکیم میں کوئی غلطی سامنے آجائے تومتعلقہ محکموں کو اس میں درستگی کرنے میں مشکل پیش آتی ہے لہذا تمام ممبران مجوزہ سکیموں کو شروع سے ہی غلطی سے پاک بنانے کی کوشش کریں۔

اجلاس میں ایک سوشل میڈیا پیج کی جانب سے ضلع کونسل کے تحلیل اور نمائندوں کے معطل ہونے کے بارے من گھرٹ خبر پھیلا کر عوام میں بے چینی پیدا کرنے پرمذکورہ پیج کے خلاف ایف آئی اے کے ذریعے کارروائی کی استدعا بھی کی گئی ۔