فیصل آباد،شہر اور گردونواح کے مختلف ٹریفک حادثات میں پانچ افراد جاں بحق ، خواتین ٹیچر اور بچوں سمیت 9افرادزخمی

جمعرات 26 اپریل 2018 18:36

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) شہر اور گردونواح کے مختلف ٹریفک حادثات میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ خواتین ٹیچر اور بچوں سمیت 9افرادزخمی ہوگئے ، آن لائن کے مطابق پہلا واقعہ چک نمبر 380گ ب تھانہ روڈالہ میں پیش آیا جہاں پر حاجی امجد ولد یعقوب اپنے ڈیرے پرسویا ہوا تھا کہ نامعلوم افرادنے سر میں گولی ماردی جس سے وہ موقع پر پر ہلاک ہوگیا ‘مقتول چھ بچوں کا باپ تھا‘جبکہ دوسرے واقع میں نصیر احمد سکنہ 373گ ب بوریوالا اور محمود ولد شوکت سکنہ فاروق آباد مزدا نمبری LWN-4055پر مرغیاں لوڈ کرکے فیصل آباد سے براستہ جڑانوالہ لاہور جارہے تھے کہ جڑانوالہ لاہور روڈ پر سیم کوارٹر کے نزدیک لوڈر مزدا ڈالے سے پیچھے سے ٹکرانے کے نتیجہ میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جن کی نعشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر پہنچا دی گئیں جبکہ ٹریفک حادثہ میں مرنیوالا نصیر پانچ بچوں کا باپ تھا ۔

(جاری ہے)

534گ ب کا رہائشی27سالہ طیب ولد صادق موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جڑانوالہ سے گھر جارہا تھا کہ تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکرسے شدیدزخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں سول ہسپتال جڑانوالہ لے جایا گیا ، لیکن طبی امداد ملنے سے پہلے ہی دم توڑ گیا ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی ۔ تاندلیانوالہ کے علاقہ قائد اعظم روڈ پر تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی ریس لگاتی ہوئی جا رہی تھی‘ جس کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار توقیر شاہ گر کر شدید زخمی ہو گیا اور طبی امداد ملنے سے قبل ہی چل بسا‘ حادثہ کے نتیجہ میں زخمی ہونے والے ارقم شاہ اور مزمل شاہ کو تشویشناک حالت کے پیش نظر فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ہے‘ پولیس نے ڈرائیور ممتاز کو گرفتار کر کے ٹریکٹر ٹرالی کو قبضہ میں لے کر قانونی کاروائی شروع کر دی ہے۔

شورکوٹ پیر محل روڈ چکنمبر327گ ب کے قریب تیز رفتار کار نے سرکاری سکول کی ٹیچر ا ور بچوں کے رکشہ کے ساتھ ٹکرا گئی جس سے رکشہ ڈرائیور اورخواتین ٹیچر اور بچوں سمیت 7افراد زخمی ہو گئے۔رکشہ ڈرائیور عرفان کو تشویشناک حالت کے پیش نظر الائیڈہسپتال فیصل آبادمنتقل کر دیاجبکہ کار ڈرائیور کار سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔