ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کے بعد وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے نارمل میزانیہ کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم کرنے پر اتفاق کر لیا

جمعرات 26 اپریل 2018 18:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کے بعد وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے نارمل میزانیہ کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم کرنے پر اتفاق کرلیا ۔ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم آزاد کشمیر (قائمقام) چوہدری طارق فاروق اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کیساتھ ملاقات کے دوران آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نارمل میزانیہ میں حوصلہ افزا اضافے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے نارمل میزانیہ کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مطلوبہ درکار فنڈز کی فراہمی سے اتفاق کیا ہے ۔

ایوان وزیراعظم اسلام آباد میں منعقدہ ملاقات میں وزیراعظم پاکستان نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے حکومت پاکستان کی آئینی ذمہ داریوں کا اعتراف کرتے ہوئے یقینی دہانی کروائی ہے کہ دونوں علاقوں میں وفاقی حکومت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حاصل اختیارات اور ذمہ داریوں سے نبرد آزما ہونے کی کوشش کرے گی ۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کیلئے ترقیاتی بجٹ میں دونوں حکومتوں کی خواہشات کے مطابق مناسب اضافہ کی تجویز پہلے ہی منظور کی جاچکی ہے ۔ وفاقی حکومت فیڈرل ایس ڈی پی میں آزاد کشمیر کیلئے رواں سال متوقع ترقیاتی بجٹ میں اہم منصوبہ جات شامل کرے گی جبکہ آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت مزید اضافہ کیا جائیگا۔ قائمقام وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نے وزیراعظم پاکستان کیساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں کے ایک گروپ کیساتھ بات چیت کے دوران کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی توقعات اور خواہشات کے عین مطابق نہ صرف ترقیاتی بجٹ بڑھایا بلکہ دونوں علاقوں میں وفاقی حکومت نے براہ راست اپنے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے بڑے منصوبہ جات کیلئے بھی فنڈز فراہم کئے ہیں ۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام وفاقی حکومت کی جانب سے فراخ دلانہ فنڈز کی فراہمی پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے شکر گزار ہیں ۔ ترقیاتی فنڈز میں اضافہ اور نارمل میزانیہ کے خسارہ کے خاتمہ کیلئے فنڈز کی فراہمی سے آزاد کشمیر میں اداروں کی بہتری کیلئے مثبت اقدامات کا موقع ملے گا۔ اداروں کی بہتری اور استحکام کیلئے وفاقی حکومت اور وزیراعظم پاکستان کی خصوصی دلچسپی باعث اطمینان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کا بجٹ ہرلحاظ سے اطمینان بخش ہوگا۔ اسلام آباد میں اس سلسلہ میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے بھی آزاد کشمیر کے ترقیاتی عمل میں بھرپور اور گہری دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ گزشتہ روز ان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں آزاد کشمیر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر تفصیلی اور سیر حاصل بات چیت کی گئی ہے ۔

آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں اضافے اور فیڈرل پی ایس ڈی پی میںمیگا پراجیکٹس کے حوالے سے وفاقی بجٹ میں خصوصی اقدامات متوقع ہیں ۔اب تک ہونے والی ملاقاتوں کے نتائج سے مطمئن ہیں ۔ چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ مضبوط مستحکم اور خوشحال پاکستان تحریک آزادی کشمیر کا ضامن ہے ۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حکومت پاکستان آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی اور گورننس کیلئے ہمیشہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کیاہے ۔ موجودہ حکومت نے اس حوالے سے آزاد کشمیر حکومت کی مشاورت سے جو عملی اقدام اٹھائے ہیں وہ کشمیری عوام کے اندر پاکستان کیلئے اخوت اور بھائی چارے کی فضاء کو مزید مستحکم کرنے کا باعث ثابت ہونگے ۔ راٹھور